میر ہزار خان بجارانی کی میت کشمور منتقل، اہلیہ کی تدفین آج کراچی میں ہو گی

0
809

میر ہزار خان بجارانی کی میت کشمور منتقل کردی گئی جبکہ اہلیہ کی تدفین آج کراچی میں ہی کی جائے گی۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مرحوم وزیر کو ایک جبکہ فریحہ کو تین گولیاں لگیں۔ پی پی رہنماؤں نے خودکشی کا امکان رد کر دیا۔

سندھ کے وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ میر ہزار خان بجارانی اور اہلیہ کا کراچی کے جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق مرحوم رہنما کو کنپٹی پر انتہائی قریب سے گولی لگی جو دوسری طرف سے نکل گئی جبکہ اہلیہ فریحہ کو تین گولیاں لگیں، ایک سر پر لگی باقی پیٹ اور نچلے حصے پر لگیں۔

پولیس نے رہائش گاہ میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز اور ڈی وی آر تحویل میں لے لئے جبکہ گھر کے پانچوں ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی گئی اور بیانات لئے گئے۔ اسٹڈی روم سے ملے پستول، گولیوں اور دیگر شواہد کو فرانزک کیلئے بھجوا دیا گیا۔

منظور وسان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میر ہزار خان بجارانی جیسا بردبار شخص خودکشی نہیں کر سکتا۔ میر ہزار خان کی کشمور کے علاقے کرم پور میں تدفین کی جائے گی جبکہ اہلیہ فریحہ کی میت پی این شفا اسپتال منتقل کر دی گئی، انہیں آج کراچی میں ہی سپرد خاک کیا جائے گا۔
لاڑکانہ، کندھ کوٹ، کشمور اور جیکب آباد میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY