مصر کے ماہرین آثار قدیمہ نے ایک مقبرہ دریافت کیا ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ 4400 سال قدیم ہے۔
مصر کے تاریخی شہرقاہرہ کے نزدیک دریافت ہونے والا مقبرہ خاصی اچھی حالت میں ہے اور اس کی دیواروں پر قدیم اورنادر مصوری موجود ہے جس میں عبادت کرنے والی یا پوجا کرنے والی کو دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ مقام قاہرہ سے 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
کہتے ہیں کہ یہ زرخيزی کی دیوی حتحور کی پجارن تھی جو خواتین کو تولد میں مدد کیا کرتی تھی۔
مصر کے آثار قدیمہ کی وزارت نے کہا ہے کہ یہ دریافت گیزہ کے عظیم ہرم کے پاس کھدائی کے دوران ہوئی۔
مصر کے آثار قدیمہ کے وزیر خالد العنانی نے حتبت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ : ’ وہ اعلیٰ حکام میں سے تھی اور شاہی محل سے مضبوط تعلق تھا۔
موسیقی اور رقص کے مناظر کے ساتھ بندروں کی بھی تصاویر ہیں جو کہ پالتو جانوروں کے طور پر پیش کیے گئے ہیں۔ ایک پینٹنگ میں ایک بندر کو ایک آرکسٹرا کے سامنے رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
آثار قدیمہ کی سپریم کونسل کے مصطفی وزیری نے بتایا کہ ’ایسے مناظر نادر ہیں۔۔۔ اور ایسے مناظر اس سے قبل صرف (سلطنت قدیم) میں ’کاعبر‘ کے مقبرے میں پائے گئے جہاں ایک بندر آرکسٹرا کے بجائے صرف ایک گٹار بجانے والے کے سامنے رقص کر رہا ہے۔













