انسانی جسم کا ایک ایسا خلیہ جو مرنے سے انکاری ہو.اپنی حیات کی تگ دو میں کسی امربیل کی طرح ایسے پھلتا بڑھتا ہے کہ خود انسان ہی ختم ہوجاتا ہے۔ یہ کینسر ہے!
اقوام متحدہ کے سال 2020 کے اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں کینسر سے لگ بھگ ایک کروڑ اموات ہوئیں۔ گو کہ ان اموات میں اب بھی پھیپھڑوں کے سرطان سے ہونے والی اموات کی تعداد زیادہ ہے لیکن کینسر کے سالانہ مجموعی کیسز میں چھاتی کے سرطان یا بریسٹ کینسر کے کیسز کی تعداد اب پھیپھڑوں کے سرطان کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق دنیا کے مختلف کونوں میں ہر چھیالیس سیکنڈ میں ایک عورت بریسٹ کینسر سے زندگی کی جنگ ہار جاتی ہے۔ (komen.org)
پاکستان پر نظر ڈالیں تو گلوبل کینسر آبزرویٹری کے اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں کینسر کی تمام اقسام کے مقابلے میں بریسٹ کینسر کے کیسز کی تعداد بھی سب سے زیادہ ہے اور اموات کی شرح بھی۔
کینسر پر اعدادوشمار فراہم کرنے والے آن لائن پورٹل گلوبوکین کے مطابق سال 2020 میں پاکستان میں خواتین میں چھاتی کے سرطان کے 25,928 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ 12,725 اموات ہوئیں۔
اس ہفتے وائس آف امریکہ کے آن لائن پروگرام ع-مطابق میں بریسٹ کینسر پر گفتگو کی گئی جس میں ماہرین نے اس موذی مرض کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی۔یہ پروگرام وائس آف امریکہ کے فیس بک اور یو ٹیوب چینل پر ہر پیر کو پاکستان میں رات نو اور بھارت میں ساڑھے نو بجےپیش کیا جاتا ہے۔
سالانہ طبی معائنوں کی اہمیت
پاکستان میں عموماً ڈاکٹر کے پاس تب ہی جایا جاتا ہے جب کوئی بیماری لاحق ہو۔ اس کے برعکس ترقی یافتہ ممالک میں خواتین اور مرد حتیٰ کہ بچوں کا بھی فیملی ڈاکٹرز سے سالانہ طبی معائنہ لازم ہے۔ ان معائنوں اور ٹیسٹس میں اندرونی اعضاء کے ساتھ بلڈ پریشر، ذیابطیس، کولیسٹرول کی زیادتی جیسی بیماریوں کی جانچ ہوتی ہے۔
خواتین کے طبی معائنے میں ‘پیپ سمیئر ٹیسٹ’ کیا جاتا ہے جس سے رحم کے نچلے حصے میں کسی ممکنہ کینسر کو جانچا جاتا ہے۔ اسی طرح 40 سال اور اس سے زائد عمرکی خواتین کا سالانہ میموگرام یعنی بریسٹ ایکسرے کیا جاتا جس میں چھاتی میں کسی غیرمتوقع تبدیلیوں یا رسولیوں کی نشاندہی کی جاتی ہے۔
جلد تشخیص ہی کی وجہ سے امریکہ میں سالانہ بریسٹ کینسر کے کیسز کی تعداد پھیپھڑوں کے کینسر کے کیسز سے زائد ہونے کہ باوجود اس میں شرح اموات پھیپھڑوں کے کینسر کے مقابلے میں کم ہے۔













