پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)تھری کے 21 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی 26 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں 5 ویں کامیابی کے ساتھ فہرست میں پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے جین پال ڈومینی کے ناقابل شکست73،آصف علی کے جارحانہ 45، حسین طلعت 29 اور لیوک رونچی 27 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹ پر 182 رنز بنائے۔

183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم اسلام آباد کے سمیت پٹیل 4، ظفر گوہر3، شاداب خا ن1 اور فہیم اشرف1 کی بولنگ کی بدولت مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹ پر 156رنز ہی بناسکی۔

ڈیرن سیمی الیون کی طرف سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے کیا،32 کے مجموعی اسکور تک کامران اکمل نے 1 چھکے سمیت 3 خوبصورت چوکے لگائے،وہ 22رنز بناکر سمت پٹیل کا شکار بنے۔

سمت پٹیل نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لئے دوسری کامیابی 53 کے اسکور پر حاصل کرکے دی،پشاور زلمی کے دوسرے اوپنر آندرے فلیچر 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 19 رنز بناکر گیند فہیم اشرف کو تھما بیٹھے۔

پشاورکو شکست، اسلام آباد جیت کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر
اسلام آباد یونائیٹڈ کو چوتھی وکٹ شاداب خان کی بدولت مل گئی، 75 کے اسکور پر انہوں نے پہلا میچ کھیل کر 8 رنز بنانے والے خوشدل شاہ کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

12 ویں اوور میں ظفر گوہر نے اوپر تلے لیم ڈاسن اور کپتان ڈیرن سیمی کی وکٹ لے کر میچ کو یک طرفہ بنادیا،اس موقع پر پشاور زلمی کا اسکور 6 وکٹ پر 76رنز تھا۔

91 کے اسکور پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 15رنز بنانے والے حسن علی کو سمت پٹیل نے اپنا چوتھا شکار بنایا،پشاور کی بیٹنگ لائن کا سارا دارو مدار محمد حفیظ پر منتقل ہوگیا۔

14 ویں اوور میں محمد حفیظ ایک چھکا اور ایک چوکا لگانے کے بعد 13 رنز پر ظفر گوہر کا تیسرا شکار بن گئے،جس صاف طور پر لگ رہا تھاکہ پشاور لی بیٹنگ لائن مکمل طور پر بیٹھ گئی ہے۔

اس کے برعکس نویں وکٹ پر عمید آصف اور وہاب ریاض نے 35گیندوں پر 55رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور میچ میں پشاور زلمی کی واپسی کی بھرپور کوشش کی۔

147 کے اسکور پر عمید آصف 17 گیندوں پر 25 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بن گئے،انہوں نے اس دوران 2 چھکے اور ایک چوکا بھی لگایا۔

دوسرے اینڈ پر موجود وہاب ریاض نے5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 33 رنز بنائے جو ٹیم کی ناکامی کا ہدف کرنے کے کام آئے۔

73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے جے پی ڈومینی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

میچ میں فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم جو گزشتہ روز تک چوتھی پوزیشن پر تھی آج پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے،اس نے 7 میں سے 5 میچز میں کامیابی سمیٹی ہے۔

پوائنٹس ٹیبل کی آج کی پوزیشن کے مطابق ملتان سلطانز 9 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 پوائنٹس کے تیسرے، کراچی کنگز 7 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، میچ میں شکست کے بعد پشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور آخری نمبر پر لاہور قلندرز کی ٹیم ہے جس نے آج واحد کامیابی اپنے نام کی۔

SHARE

LEAVE A REPLY