خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ معطل کرنے کی اجازت دیدی۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف نے جواب نہ دیا تو حکومت انھیں گرفتار کر کے واپس لائے۔
خصوصی عدالت نے اپنے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ پرویز مشرف کی واپسی کیلئے حکومت کے اب تک کے اقدامات مایوس کن ہیں۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 7 روز میں وطن واپسی کے حوالے سے وزارت داخلہ کو تحریری جواب دیں، تاہم اگر وہ جواب نہ دیں تو حکومت انھیں گرفتار کر کے واپس لائے اور وزارتِ داخلہ پرویز مشرف کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے بھی رابطہ کرے جبکہ وزارتِ داخلہ پرویز مشرف کا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ بھی معطل کر سکتی ہے۔
خصوصی عدالت کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف عدالتی مفرور اور اس وقت دبئی میں رہائش پذیر ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ موجود ہے۔ معاہدے کے تحت پرویز مشرف کی گرفتاری اور دبئی کی جائیداد ضبط ہو سکتی ہے













