کراچی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

کھیل کے شروع میں تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوزیشن کافی مضبوط رہی تاہم رونکی کے آؤٹ ہونے کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم میچ میں طوفانی طریقے سے واپس آئی ۔

ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ پشاور پر میچ کی گرفت مضبوط ہورہی ہے۔کرس جورڈن نے شاداب خان کا ایک مشکل کیچ لیا لیکن کامران اکمل نے آصف علی کا کیچ چھوڑ کر ایک طرح سے ٹرافی ہی ڈراپ کر دی۔

کامران کی جانب سے کیچ ڈراپ کیے جانے کے بعد آصف علی نے حسن علی کو تین لگاتار چھکے لگا کر پشاور زلمی کی کمر توڑ دی اور جیت کو پشاور زلمی سے نہ صرف دور کیا بلکہ اپنی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو دوسری بار پی ایس ایل کا چیمپئن بنادیا۔

کامران اکمل کے کیچ ڈراپ کیے جانے پر پشاور زلمی کے مداحوں اور شائقین کرکٹ کی جانب سے کامران اکمل کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ کامران اکمل نے کیچ نہیں بلکہ ٹرافی ڈراپ کی۔

SHARE

LEAVE A REPLY