بھارتی بہادر لڑکی اپنی بکری کو شیر کے چنگل سے بچانے کیلئے چھڑی لے کر شیر سے بھڑگئی۔
واقعہ بھارتی مغربی ریاست مہارا شٹر میں پیش آیا جہاں روپالی مشرام نامی لڑکی اپنی بکری کی چیخ سن کر گھر سے باہر آئی تو دیکھا کہ ان کی بکری شیر کے چنگل میں ہے۔
بہادر لڑکی سے یہ منظر برداشت نہیں ہوا اور اس نے چھڑی اٹھا کر شیر پر حملہ کردیا، اس دوران لڑکی کے چہرے پر بھی معمولی زخم آئے۔
لڑکی کی ماں جیجائی مائی بھی اپنی بیٹی کو بچاتے ہوئے شیر کے حملے میں زخمی ہوئیں اور خوش قسمتی سے اپنی بیٹی کو کھینچ کر گھر کے اندر لے گئیں۔
23 سالہ روپالی مشرام اپنی بکری کی جان تو نہ بچاسکی لیکن اس واقعے سے علاقے میں ان کی شہرت عام ہوگئی اور انہوں نے واقعے کے فوری بعد اپنی اور والدہ کی سیلفی لی جس میں ان کے چہرے پر خون دیکھا جاسکتا ہے۔
واقعے میں ان کے سر، کمر، ٹانگوں اور ہاتھوں پر زخم آئے تاہم یہ زیادہ گہرے زخم نہیں تھے، ان کے سر کے زخم کی وجہ سے احتیاطاً ان کا سی ٹی اسکین کیا گیا ہے۔
دوسری جانب جیجا مائی نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ شیر کو چھڑی سے مار رہی تھیں تواس وقت انہیں ایسا لگا کہ جیسے ان کی بیٹی مرنے والی ہے۔
اس واقعے کو دس دن ہو چکے ہیں اور اب منظر عام پر آنے کے بعد تازہ تصاویر میں روپالی کے زخم بھر چکے ہیں تاہم ان کی والدہ کے چہرے کا ایک زخم ابھی مکمل طور پر نہیں بھرا ۔













