امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرقی غوطہ میں شہریوں کے خلاف مبینہ کیمیائی حملے کی شامی صدر بشار الاسد کو ’بھاری قیمت‘ چکانا ہو گی۔ ٹرمپ نے اتوار کے دن اپنی ایک ٹویٹ میں بہت سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایران اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن بھی ’بے حس اسد‘ کی حمایت کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے لکھا کہ ’بے حس کیمیائی حملے کے نتیجے میں خواتین اور بچے بھی مارے گئے ہیں‘۔ دوسری طرف ماسکو نے کہا ہے کہ دمشق حکومت نے مشرقی غوطہ میں کوئی کیمیائی ہتھیار استعمال نہیں کیے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق اس الزام کی آڑ میں کوئی کارروائی کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔












