اب کسی بات میں نہیں ہوتا
وہ مری ذات میں نہیں ہوتا
خواب سارے بچھڑ گئے مجھ سے
کوئی بھی رات میں نہیں ہوتا
پیار آسودگی کا ساتھی ہے
پیار آفات میں نہیں ہوتا
جن کی روحوں میں زخم ہوتے ہیں
حسن عادات میں نہیں ہوتا
جب خزائیں اجاڑ دیتی ہیں
پھول باغات میں نہیں ہوتا
دولتِ حسن جب نہیں رہتی
کوئی بھی گھات میں نہیں ہوتا
زندگی جب فریب دیتی ہے
رنگ جذبات میں نہیں ہوتا
مان جب کرچیوں میں بٹ جائے
دم سوالات میں نہیں ہوتا
(نقاش عابدی )












