امریکہ اور برطانیہ کے تین محققین کو پروٹین کی بناوٹ، اس کے اثر انداز ہونے اور زندگی پر اس کے اثرات کے حوالے سے غیر معمولی پیش رفت پر نوبیل انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق کیمسٹری کا نوبیل پرائز برطانیہ میں قائم ریسرچ لیبارٹری ’گوگل مائنڈز‘ سے وابستہ ڈیمس ہاسابیس، جان جمپر اور امریکی شہر سیٹل کی یونیورسٹی آف واشنگٹن کے ڈیوڈ بیکر کو دینے اعلان کیا گیا ہے۔
سوئیڈن میں قائم رائل سوئیڈش اکیڈمی کی کیمسٹری کے حوالے سے قائم کمیٹی کے سربراہ ہینر لنکے نے نوبیل پرائز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محققین نے امینو ایسڈ اور پروٹین کے اسٹرکچر کے درمیان تعلق کو واضح کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کیمسٹری میں خاص طور پر بائیو کیمسٹری میں کئی دہائیوں سے ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔ اب اس پر پیش رفت ہوئی ہے جس پر نوبیل انعام دینے کا اعلان کیا جا رہا ہے۔












