سپریم کورٹ نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو دو ہفتوں میں انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا سیاست کی وجہ سے کھیل کو نقصان ہو رہا ہے، ہمارا مقصد یہ ہے کہ کھیل کو نقصان نہ ہو۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے 14 روز میں پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے انتخابات کرا کر رپورٹ چیمبر میں جمع کروانے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ کھیل کو نقصان نہ ہو، یہ بتادیں ملک کو ترجیح دیں یا نہیں ؟ جسٹس شیخ عظمت سعید کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی ہو، پاکستان کی ساخت کو اہمیت دیں یا موجودہ انتظامیہ کے مسائل کو ؟ آپ کی انا نے پاکستان کو ذلیل کر کے رکھ دیا ہے۔ کیا موجودہ انتظامیہ چاہتی ہے پاکستان کوالیفائرمیں شرکت نہ کرسکے ، لگتاہے عدالت میں موجود لوگ نہیں چاہتے مسئلہ حل ہو۔

پاکستان سپورٹس بورڈ سے الحاق کیلئے درخواستگزار اختر شاہ کے وکیل نے کہا کہ عدالتی حکم سے متعلق انہیں بھی بتایا جائے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ وہ انہیں بتانے کے پابند نہیں ، وکیل نے کہا کہ وہ عدالت اور چیف جسٹس آف پاکستان کا بہت زیادہ احترام کرتے ہیں لیکن عدالت کو اس طرح نہیں چلایا جا سکتا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اپنی انا گھر رکھ کر آیا کریں، عدالت نے پاکستان سپورٹس بورڈ سے الحاق سے متعلق اختر شاہ کی درخواست خارج کر دی جبکہ فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کا معاملہ نمٹا دیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY