شام کے شمال مشرقی حصے میں کیے جانے والے ایک فضائی حملے میں تیئس عام شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ الحسکہ صوبے میں یہ حملہ کس کی جانب سے کیا گیا۔ آبزرویٹری نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دس بچے بھی شامل ہیں۔
اس علاقے میں کُرد جنگجو بھی سرگرم ہیں، جن کی پشت پناہی امریکا کر رہا ہے۔ دوسری جانب ماضی میں عراقی فوج بھی اسلامک اسٹیٹ کو نشانہ بنانے کی خاطر الحسکہ میں کارروائی کر چکی ہے۔ تاہم اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔













