کراچی: پی پی، پی ٹی آئی تصادم، حکیم سعید گراؤنڈ میدان جنگ بن گیا

0
836

کراچی میں دو بڑی جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہوا ہے، جس کے دوران ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ ہوائی فائرنگ کی تھی اطلاعات ملی ہیں۔

مشتعل افراد نے دو گاڑیوں کو بھی نذر آتش کردیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پی ٹی آئی اورپیپلزپارٹی کارکنان میں تصادم کا نوٹس لےلیا۔
گلشن اقبال کے حکیم سعید گراؤنڈ میں کس کا جلسہ ہوگا ؟ اس بات کو لے کر دونوں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ جاری تھا، اب بات پتھرائو اور کیمپ پر حملے تک پہنچ گئی۔

پی ٹی آئی اور پی پی کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا، پی پی کے مشتعل کارکنوں نے گراؤنڈ میں لگے تحریک انصاف کے کیمپ کو اکھاڑ دیا ہے ۔

پتھراؤ ، لاٹھی چارج اور ہوائی فائرنگ کے سبب ٹریفک معطل ہوگیا جبکہ دونوں جماعتوں کے کارکنان نے پارکنگ میں کھڑی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے حکیم سعید گرائونڈ میں پی ٹی آئی اورپیپلزپارٹی کارکنان میں تصادم کا نوٹس لےلیا۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ حکیم سعید گراؤنڈ پر پی ٹی آئی کاقبضہ کرکے سیاست کرنا مناسب نہیں جبکہ پی پی پی نےحکیم سعیدگراؤنڈمیں جلسہ کرنے کی اجازت بھی لی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ لڑائی جھگڑے کی سیاست اورشہرکا امن خراب کرنےکی اجازت نہیں دیں گے، یہ شعوری طور پر شہر کے حالات خراب کرنےکی سازش ہے اور ہم نے کسی کو بھی جلسہ کرنے سے نہیں روکا۔

واقعے کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے کہا کہ کل یہاں اتنے لوگ ہوں گے کہ تحریک انصاف کو سمجھ آجائے گی، کل سے اسٹیج بننا شروع ہوجائے گا اور ہم 12 مئی کے شہدا سے اظہار یکجہتی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف والوں کو سمجھنا چاہیے کہ انصاف کیا ہے، پی ٹی آئی نےفیصلہ کر رکھا تھا تو پہلےاعلان کرناچاہیےتھا، ریکارڈ چیک کرنے کے بعد ہم نے12 مئی کو حکم سعید گراؤنڈ میں جلسے کی درخواست دی۔

شہلارضا نےکہا کہ پیپلزپارٹی نےقانونی راستہ اپنایا، جلسے کی درخواست وقت پردی تھی، اگر انہوں نے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ کرنا تھا تو درخواست دے دیتےاور ہم نے تو ڈپٹی کمشنر سے پوچھا تھا کہ 12 مئی کو گراؤنڈ میں کسی کا جلسہ ہےیا نہیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما وقار مہدی کا کہنا ہے کہ ہم نے جلسے کے لیے 4 مئی کو درخواست دی تھی، پی ٹی آئی نے تماشہ اور طوفان بدتمیزی مچا رکھا تھا، ان کے پارٹی ارکان نے اچانک پتھراؤ کیا جس سےہمارے 7کارکن زخمی ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کررہی ہے، ہماری درخواست موجود ہے اگر پی ٹی آئی نے درخواست دی ہے تو ثبوت دیں۔

درخواست موجود ہے اگر تحریک انصاف نے درخواست دی ہے تو ثبوت دیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہم کہیں بھی جلسہ کرسکتے ہیں لیکن یہ غنڈہ گردی والی سیاست نہیں چلے گی،ہم نے بھی جلسے کے لیے درخواست دی تھی لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور جو لوگ پتھراؤ کررہے ہیں، انہیں سندھ حکومت گرفتار کرکے جیل میں ڈال دے۔

تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی مقامی قیادت کو کہا ہےکہ کشیدگی سےبچا جائے، اگر پیپلزپارٹی اس طرح کا رویہ اپنائے گی تو انتخابات میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارےجلسے کے اعلان کے بعد پیپلزپارٹی نے جلسے کی درخواست دی جبکہ پہلے پی ٹی آئی نے 12 مئی کو حکیم سعیدگراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم پیپلزپارٹی نے شرارت کی اور ڈپٹی کمشنر کو یہاں جلسے کی درخواست دی اور پیپلزپارٹی نے تو بلدیہ ٹاؤن میں 12 مئی کو جلسے کا اعلان کیا تھا۔

تحریک انصاف کے رہنمافیصل واوڈا نے کہا کہ ہماری انا کا مسئلہ نہیں ہم لاشوں کی سیاست نہیں کرناچاہتے، ظلم اور تشددکی سیاست اب ختم ہوجانی چاہیے اور پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو یہ کام نہیں کرنا چاہیےتھا۔

پی پی کے رہنما سعید غنی سے کہا کہ انا کا مسئلہ نہیں ہم سب مل کر اس صورت حال کو بہتر کرسکتے ہیں۔

دونوں جماعتوں نے 12 مئی کو گلشن اقبال کے حکیم سعید گرائونڈ میں جلسے کا اعلان کررکھا تھا جبکہ پیپلز پارٹی نے جلسے کا اجازت نامہ بھی حاصل کرلیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY