عمران خان نے کراچی کے لئے 10 نکات کا اعلان کردیا۔

0
1099

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کراچی کے لئے 10 نکات کا اعلان کردیا۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں الہٰ دین پارک کے قریب میدان میں تحریک انصاف کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سب سے پہلے کراچی کا ایڈمنسٹریشن سسٹم بدلیں گے اور میئر کو بااختیار بنائیں گے، سرکاری اسکولوں کا معیار بہتر بنائیں گے، سرکاری اسپتالوں میں معیاری سہولیات دی جائیں گی، لاء اینڈ آرڈر کا سسٹم بہتر بنائیں گے اور پولیس کو ٹھیک کریں گے، بزنس اور انڈسٹری کیلئے ماحول کو سازگار بنائیں گے، بجلی کا مسئلہ حل کریں گے، نوجوانوں کیلئے کھیل کے میدان بنائیں گے، کراچی میں 10 لاکھ درخت لگائیں گے، سیوریج پانی کے ٹریٹمنٹ کیلئے پلانٹس لگائیں گے، کراچی میں سرکلر ریلوے بہت ضروری ہے۔

عمران خان کے کراچی کیلئے 10 نکات

انہوں نے کہا کہ ان 10نکات سے کراچی ایک عظیم شہر بنے گا، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے ، کراچی ترقی کرتا ہے تو پاکستان ترقی کرتا ہے۔

عمران خان نے کراچی میں شاندار استقبال پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے سب سے پہلے کراچی کے عوام کھڑے ہوتےتھے، پاکستان کی تمام سیاسی تحریکیں کراچی سے شروع ہوتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سے زیادہ عقلمند اوربا صلاحیت کھلاڑی موجود تھے، مجھے اللہ نے کامیابی اس لیے دی کہ میں باقی لوگوں سے بڑے خواب دیکھتا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ ایوب خان جب امریکا گئے تو امریکی صدر ان کو لینے آیا، جب ایک ملک کے وزیراعظم کی عزت نہیں ہوتی تو قوم کی کیسے ہوگی؟

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میں نے وہ کراچی دیکھا ہے جو روشنیوں کا شہر تھا، دبئی کے لوگ چھٹیاں منانے کراچی آتے تھے ، ووٹ لینے کیلئے ہمیں لڑایا گیا، یہ مہاجر ہے، یہ سندھی ہے، یہ پٹھان ہے، یہ چیزیں ختم کریں۔

SHARE

LEAVE A REPLY