ڈاکٹر نگہت نسیم تمہیں‌کینسر ہے !قسط نمبر 54

1
1451

آٹھ جون کی صبح ہو چکی تھی ۔۔ غالبا چھ بج رہے تھے جبھی بلڈ پریشر ، ٹمپریچر اور آکسیجن لیول چیک کرنے کے لئے نرس کمرے میں آ چکی تھی ۔۔اس نے مجھے دوا بھی ساتھ ہی کھانے کو دے دی ۔۔ میں دل ہی دل میں ہنس پڑی کہ اگر میری امی اور دادی دیکھ لیتیں تو خالی پیٹ دوا کھانے پر کتنا بڑا لیکچر مجھے مل جانا تھا ۔۔ ایکبار پھر میں نے آنکھیں موندھ لیں ۔

گڈ مارننگ ڈاکٹر نسیم ۔۔ وہی مشفق زندگی کی دعا جیسی آواز والے ڈاکٹر مائیکل برلنگ کمرے میں آ چکے تھے ۔۔اور میرے اٹھ کر بیٹھنے تک وہ میرے سامنے کرسی پر بیٹھ چکے تھے ۔۔
مجھے اسی لیئے کی ہول سرجری پسند ہے کہ مریض جلد اپنی زندگی کی طرف لوٹ آتے ہیں ۔۔ وہ مجھے دیکھ دیکھ کر اپنی کامیابی پر خوش ہو رہے تھے ۔
یہی دیکھو ۔۔ کل جتنے ٹاسک تھے سب تم نے مکمل کرلیئے ۔۔ میری طرف سے تم آج ہی گھر جا سکتی ہو ۔۔چھ سے آٹھ ویک کے لئے بس جو جو میں نے کہا ہے وہی کرنا ۔۔
نو ہیوی لفٹنگ ۔۔نو جم
نو ڈیوٹی ۔۔نو ڈرائیونگ
جی جی ۔۔ میں نے انہیں یقین دلاتے ہوئے کہا
پھر ملتے ہیں دو ہفتے کے بعد ۔۔ اس وقت بائیوپسی کی رپورٹ بھی آ چکی ہو گی ۔۔ پھر ڈسکس کریں گے کہ آگے کیا کرنا ہوگا ۔
کوئی سوال ۔۔
جی ۔۔ بس ایک درخواست ہے ۔۔
کہو ۔۔میری بات پر ڈاکٹر مائیکل برلنگ دروازے سے واپس مڑ آئے
ڈاکٹر رابعہ شیخ صرف میری لئے آپ کے ساتھ آپریشن میں مدد کرنے کے لئے آئی تھیں ۔۔ آپ رسیپشن والوں سے کہہ دیجئے کہ وہ ان کے پیسے چارجز میں ڈال دیں ۔۔ ۔۔
یہ کیسے ممکن ہے کہ ہم تمہیں چارج کریں ۔۔ ہم کولیگز ہیں ۔۔ ہم پیشہ ہیں ۔۔۔ ایسا ہو ہی نہیں سکتا ۔۔ وہ مسکرا رہے تھے ۔ ۔۔اور میں سراپا شکرگزار تھی ۔ ایسی رواداری اور عنایتوں کا شکریہ بھی تو ممکن نہیں لگ رہا تھا ۔۔ تھینکس سو مچ ۔۔ میری آواز بھرا گئی ۔۔انہوں نے میرے ہاتھوں کو تھپتھپایا اور بائی کہہ کر کمرے سے چلے گئے ۔

میں نے آفتاب کو فون کیا تو وہ سو رہے تھے ۔۔ اف سوری یار ۔۔ میں نے گھڑی دیکھی تو ابھی صبح کے پونے آٹھ بھی تو نہ ہوئے تھے ۔۔ انہوں نے گھبرا کر پوچھا سب خیر ہے ناں ۔۔ جی جی ۔۔ ابھی ڈاکٹر برلنگ آئے تھے انہوں نے مجھے کہا ہے کہ گھر جا سکتی ہوں ۔۔ آپ آجائیں تو گھر چلوں ۔۔۔ آفتاب یقیننا بہت خوش اور پرسکون ہو گئے تھے ۔۔جلدی آنے کاکہہ کر فون بند کر دیا تھا۔۔ آج میں نے کلیسین کا انجیکشن بھی فارماسسٹ کے سامنے خود لگایا تھا ۔۔ بہت ہی تکلیف دہ مرحلہ تھا لیکن اس تکلیف میں نبضوں کے چلتے رہنے کی نوید تھی ۔

مجھے یاد آیا ایک بار یسین بھائی جو میری دوست شاہدہ کے شوہر تھے اور مجھے اپنے بھائیوں جیسے عزیز تھے ۔۔بتا رہے تھے کہ ان کے والد کہتے تھے کہ بہت دن ہو گئے کوئی بیماری نہیں آئی ۔۔ کیا اللہ مجھ سے خفا ہو گیا ہے کہ بیماری کے قابل نہیں سمجھا ۔۔ ہائے کیسے ہوتے وہ لوگ جو ہر بہانے سے اللہ کے قریب ہونا چاہتے ہیں ۔۔ میں بھی تو کینسر کے بہانے اس کے بہت قریب ہو گئی تھی ۔ ۔۔ ایک بات جس نے مجھے بہت حیران کر دیا تھا کہ اس کی قربت تنہا نہیں ہونے دیتی تھی ۔۔اور ہر خوف سے آزاد بھی رکھتی تھی ۔۔۔ یوں جیسے جو ہو رہا ہے اسے ایسے ہی ہونا چاہیئے تھا۔

دس بجے تک آفتاب ، منیب اور آمنہ مجھے لینے آ چکے تھے ۔۔ ایک ایک چیز واپس پیک ہو چکی تھیں ۔۔ اور ساتھ ہی رپورٹس ۔۔ ڈسچارج سمری ۔۔ اور دوائیاں بھی ہمراہ ہو لیں تھیں ۔۔۔ میرا سفر بہت ہی خوشگوار رہا تھا ۔۔ ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران رستے کی ہر ٹربیولنس پر ڈاکٹرز اور ویسٹ میڈ ہوسپٹل کے عملے کی مدد اور تسلی شامل حال رہی تھی ۔۔ ان سب نے مجھے ایسے سنبھالا تھا جیسے کسی نے خاص طور پر ان سے کہہ رکھا ہو ۔۔ یوں جیسے میں اللہ پاک کی مہمان تھی ۔۔ اتنی آؤ بھگت اور خبر گیری ۔۔ اللہ اللہ جتنا بھی شکریہ کہتی کم تھا۔

گھر پہنچی تو جیسیکا اور ایمیلیا میرے انتظار میں تھیں ۔ ۔۔ میرا کمرہ میری پسند اور درخواست کے مطابق تیار ہو چکا تھا ۔۔ آمنہ میرے آنے سے پہلے ہی پریگنینسی پلو

(Pregancy Pillow )

آرڈر پر منگوا چکی تھی تاکہ کروٹ بدلتے وقت میرے ٹانکوں میں تکلیف نہ ہو ۔ ۔۔ اس کے ساتھ الیکٹرک کمبل اور اس کے اوپر لحاف ۔۔ میری سایئڈ ٹیبل پر فون چارجر ، ٹی وی ریمورٹ کنٹڑول اور ایئر بڈز رکھے جا چکے تھے ۔۔ ہاں میری کتابیں میری پہنچ سے دور کر دی گئیں تھیں۔۔۔ اسی طرح سے لاؤنج میں بھی ایک صوفہ میرے لیئے مختص ہو چکا تھا ۔۔

منیب اور جیسیکا نے میرے لئے راکنگ چیئر بھی منگوا لی تھیں جب بھی بیٹھوں تو اس پر بیٹھوں ۔۔ کسی صورت زخموں کو مزید تکلیف نہ ہو ۔۔ نجیب اور نیکول میرے لیئے نئی گھڑی لے آئے تاکہ نیند کی صحیح ٹریکنگ ہو سکے جو ہیلنگ کے لئے سب سے ضروری تھی ۔۔ میں صدقے ۔۔ماں واری ۔۔ میرا دل محبتوں کے مدار میں گردش کر رہا تھا ۔۔ رات کے آٹھ بجنے والے تھے ۔۔ آمنہ نے مجھے دوا کھلا کر کمرے میں لٹا دیا ۔۔ آفتاب چاہتے تھے کہ کمرے میں زمین پر سو جائیں کہ کہیں مجھے رات کو واش روم کی ضرورت نہ پڑ جائے ۔۔ آمنہ نے میرے کہنے سے قبل ہی انہیں منع کر دیا کہ اس کا کمرہ ساتھ میں ہے ۔۔ وہ چیک کرتی رہے گی ۔۔ افتاب کو بھی آرام کی سخت ضرورت تھی ۔۔ ہر وقت کی بھاگ دوڑ ۔۔ گو وہ بتاتے نہیں تھے لیکن تھک تو گئے ہونگے ۔

میری بیٹی جانتی تھی کہ اس کی ماں کو تنہائی چاہیئے تھی ۔۔ اسے بہت کچھ سوچنا تھا ۔۔ تھوڑے سے وقت میں بہت زیادہ سنبھلنا تھا ۔۔

جاری ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

1 COMMENT

LEAVE A REPLY