راولپنڈی اور اسلام آباد میں گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے ایک ہفتے کے دوران 9 افراد جاں بحق ہو گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اموات ایک ہفتے کے دوران رپورٹ ہوئیں، گرمی جانیں لے گئی مگر اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال پمز کے ایئر کنڈیشن اب تک خراب ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پمز اسپتال میں بھی جمعے اور ہفتےکو شدید گرمی کے باعث چند اموات بھی ہوئیں جبکہ اسپتال کی فارمیسی میں جان بچانے والی سینکڑوں ادویات، ویکسن اور لیکویڈز خراب ہونےکا خدشہ ہے۔

ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ ہیٹ اسٹروک سے جاں بحق 4 افراد کو پمز اسپتال لایا گیا، بدھ کو ہیٹ اسٹروک سے 3 افراد اور جمعرات کو ایک شخص کی موت ہوئی، ہیٹ اسٹروک سے ایک موت روات اور ایک بگا کے علاقےمیں ہوئی، کلرسیداں کے علاقے میں بھی ہیٹ اسٹروک سے ایک ہلاکت ہوئی۔

SHARE

LEAVE A REPLY