سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف بے قصور تھا، وہ جج بھی چلاگیا جسے 8 ماہ بعد چیف جسٹس بنناتھا، جج استعفیٰ دے کر چلاگیا کیوں کہ پتہ تھا چورکی داڑھی میں تنکا ہے۔
لاہور میں اپنی انتخابی حلقے این اے 130 میں کارکنوں سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ اس محبت کا کیسے جواب دوں؟ آج بہت سوچ رہاہوں آپ مجھ سے اتنی محبت کیوں کرتے ہیں، یہ ایسا رشتہ ہے جس پر مجھے ناز اور فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت خوشی ہے بھائی بہنوں کی خدمت کی ہے، اس خدمت کے صلے میں آنکھوں میں محبت دیکھ رہاہوں، خدمت نہ کی ہوتی تو آپ ایسی خوشی کا اظہار نہ کرتے، دل چاہتاہے آپ کیلئے وہ کچھ کروں جس کی توقع آپ مجھ سے کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ آج میں سرخرو ہوں، آپ جانتے ہیں نواز شریف بے قصور تھا، سزا دینے والے جج ایک ایک کرکے رخصت ہوگئے، وہ جج بھی چلاگیا جسے 8 ماہ بعد چیف جسٹس بننا تھا، جج استعفی دے کر چلاگیا کیوں کہ پتہ تھا چورکی داڑھی میں تنکا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ وہ جج میرے کیسوں پر مانیٹر جج بن کر بیٹھا ہوا تھا، میں بے قصور ثابت ہوا اور سزا دینے والے جج چلے گئے۔













