ایران نے اپنی سرزمین پر کسی میزائل حملے کی تردید کی ہے تاہم امریکی نشریاتی اداروں نے امریکی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہے اسرائیل نے جمعے کو ایران پر حملہ کیا ہے۔

نیویارک ٹائمز نے گمنام اسرائیلی عہدیداروں کے حوالے سے ایران پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق اسرائیلی حکومت اور فوج نے اب تک ایران میں کسی بھی کارروائی سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ ملک کے وسطی شہر اصفہان میں جمعے کو تین ڈرون مار گرائے ہیں۔

خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق ایرانی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اصفہان شہر پر ڈرون طیاروں کی پروازوں کے بعد ایئر ڈیفنس سسٹم حرکت میں آیا اور تینوں ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق سینئر کمانڈر سیاووش مہندس کا کہنا ہے کہ ایئر ڈیفنس سسٹم نے مشکوک چیزوں کو نشانہ بنایا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY