کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کا ایک اہم اجلاس چیرمین سید علی گیلانی کی صدارت میںحیدرپورہ سرینگر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حقِخودارادیت کے حوالے سے تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ اجلاس میں بھارتی انتظامیہ کی طرف سے جملہ حریت پسند محبوسین بشمول بدنام زمانہ دہلی کے تہاڑ جیل میں مقید شبیر احمد شاہ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، مظفر احمد ڈار، شاہد یوسف، فاروق احمد ڈار، شاہد الاسلام، محمد اسلم وانی اور ظہور احمد وٹالی کو بدترین قسم کی سیاسی انتقام گیری اور ان کی حالت زار پر گہری تشویش اور دْکھ کا اظہار کیا گیا۔
سید علی گیلانی نے اپنے خطاب میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سماج میں پھیلے ہوئے ان جرثوموں کی اصل جڑ غلامی ہے اور اس سے نجات حاصل کرنا ہمارا پیدائشی حق ہے۔ حریت راہنما نے تحریک حقِ خودارادیت کے حوالے سے اپنی غیور قوم کی طرف سے پیش کی جانے والی بیش بہا قربانیوں کو خراج تحسین ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لخت جگر اپنا گرم گرم لہو بہارہے ہیں، ہماری عزت مآب خواتین بلالحاظ عمر قابض افواج کے ہاتھوں جنسی زیادتیوں کی شکار ہورہی ہیں اور ہمارے سیاسی راہنماؤں اور کارکنوں کو جیل کی آہنی سلاخوں کے اندر ستم بالائے ستم کا نشانہ بنایا جارہا ہے












