پشاور میں علی امین ریلی سے خطاب کیے بغیر چلے گئے، کارکن مشتعل، احتجاجاً روڈ بند کردی

0
1065

پشاور میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پاکستان تحریک انصاف کی ریلی سے خطاب کیے بغیر ہی چلے گئے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرِ قیادت مرکزی ریلی حیات آباد ٹول پلازہ سے روانہ ہوئی جو رنگ روڈ پر مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی قلعہ بالا حصار پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے دوران کارکنوں نے “ڈی چوک، ڈی چوک” جانے کے نعرے لگائے اور کئی بار وزیراعلیٰ کے قافلے کو روکنے کی بھی کوشش کی۔

ریلی کے اختتام پر وزیراعلیٰ کو کارکنوں سے خطاب کرنا تھا لیکن انہوں نے کوئی حکمت عملی نہیں دی اور چلے گئے جس پر کارکن مشتعل ہو گئے اور خیبر روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔

مشتعل کارکنوں کا کہنا تھاکہ ہم ریلی میں ساتھ آئے ہیں اور یہاں قلعہ بالا حصار پر خطاب کرنا تھا لیکن یہاں سے خطاب کیے بغیر بھاگم بھاگ نکل گئے، عمران خان کو چاہیے کہ پارٹی میں صفائی کی جائے اور ایماندار لوگوں کو رکھا جائے۔

خاتون کارکن کا کہنا تھاکہ ہم وزیراعلیٰ کے خطاب کا انتظار کر رہے تھے لیکن وہ چلے گئے، اگر آپ کے پی کو نہیں سنبھال سکتے تو استعفیٰ دے دیں۔

تاہم مقامی قیادت کی مداخلت پر مظاہرین نے سڑک کو ٹریفک کیلئے بحال کرتے ہوئے احتجاج ختم کر دیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY