پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف نےکہا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے جنگ بندی کے لئے مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ آج اسلام آباد میں فارن آفس نے پہلے ہی ان میڈیا رپورٹس کی تصدیق کر دی ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکہ اور ایران جنگ بندی کے لئے مذاکرات کی طرف جا رہے ہیں اور پاکستان متحارب فریقوں کے درمیان مذاکرات کی اسلام آباد میں میزبانی کرنے کے لئے تیار ہے۔ اب منگل کی شام کچھ دیر پہلے وزیراعظم شہباز شریف کا ایکس پر یہ بیان پوسٹ ہوا ہے کہ پاکستان ایران امریکہ مذاکرات کی اسلام آباد میں میزبانی کرنے پر تیار ہے۔ یہ بات آج کئی اہم انٹرنیشنل نیوز آؤٹ لیٹس میں فلیش ہوتی رہی ہے کہا ایران امریکہ جنگ بندی مذاکرات ممکنہ طور پر اسلام آباد میں ہو سکتے ہیں۔ یہ کہا جاتا رہا ہے کہ امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس ایرانی وفد کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لئے اسلام آباد آئیں گے۔ وزیر اعظم شہباز کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان
پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ مذاکرات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے، تاکہ خطے اور اس سے باہر امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم شہباز نے کہا، خطے میں اور دنیا بھر میں امن اور استحکام کے لئے امریکہ اور ایران کے مذاکرات ضروری ہیں۔
دنیا کا استحکام امریکہ اور ایران کی باہمی رضامندی سے مشروط ہے ، پاکستان اس بات کے لیے تیار ہے اور اسے اپنے لئے اعزاز تصور کرے گا کہ وہ ایک مؤثر اور نتیجہ خیز مذاکرات کی میزبانی کرے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید لکھا، پاکستان کوشش کرے گا کہ جاری تنازعہ کے جامع حل تک پہنچا جا سکے۔
سوشل میڈیا پر پاکستان کے امریکہ اور ایران مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہونے کو پاکستان کے مشرق وسطیٰ جنگ میں مشرق وسطیٰ جنگ میں ثالث کا کردار ادا کرنے کی حیثیت سے خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔
شہباز شریف کی سوشل پلیٹ فارم پر رسمی تصدیق سے ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملی ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان رابطے جنگ بندی کے لئے ٹیبل پر بیٹھنے کی حد تک آ رہے ہیں۔












