نومنتخب نگراں وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس نگراں وزیراعظم جسٹس(ر) ناصرالمک کی سربراہی میں وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کو محکمہ داخلہ اور خزانہ کی جانب سے ملک کی داخلی صورتحال اور معیشت کے حالات سے آگاہ کیا گیا۔

اس ضمن میں سیکریٹری داخلہ ارشد مرزا نے کابینہ کو ملک کی داخلی سیکیورٹی اور امنِ عامہ کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے معیشت کی موجودہ صورتحال اور معاشی امکانات سے تفصیل سے آگاہ کیا۔

سیکریٹری داخلہ نے کابینہ کو بتایا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے آئندہ انتخابات کے پیش نظر الیکش کمیشن اور صوبائی حکومتوں کو کس طرح معاونت فراہم کی جارہی ہے تا کہ 25 جولائی کو متوقع انتخابات کے شفاف اور آزادانہ انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔

اس حوالے سے سیکریٹری داخلہ نے وزارت داخلہ کے انصرام و امور اور اس سے منسلک شعبہ جات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو قانونی اور انتظامی پالیسیوں، ملک میں سیکیورٹی اور امنِ عامہ کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے وفاقی کابینہ کو ملکی معیشت کے حوالے سے ایک جامع پریزنٹیشن دی۔

SHARE

LEAVE A REPLY