ڈاکٹر نگہت نسیم تمہیں‌کینسر ہے ! قسط نمبر 5

2
2077

وقت جیسے ٹھہر سا گیا تھا ۔۔۔ پانچ بج چکے تھے ۔

آفتاب کو بتا یا ۔۔ انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ کنسلٹیشن میں انہیں وٹس اپ پر لایئو شامل کر لیا جائے ۔ میں جانتی تھی وہ اُڑ‌کر گھر پہنچنا چاہتے ہیں ۔۔ لیکن ان کا آفس شہر میں تھا وہاں‌سے آنے میں ایک گھنٹہ لگتا اور باہر بارش شروع ہو چکی تھی ۔۔وہ اگر ہوائی جہاز میں بھی آنا چاہتے تو بھی وقت پر نہ پہنچ سکتے تھے ۔۔

وقت کے الگ الگ ہونے کی وجہ سے اپنی بہنوں‌کو وٹس اپ میسج پر بتایا ۔۔۔دلشاد نسیم لاہور میں اور نزہت نسیم لندن میں بے چین ہو گئیں ، دونوں نے یقیننا منتیں مان لی ہونگی ۔۔۔

پھر استاد محترم جناب صفدر ہمدانی کو لندن فون پر بتایا کہ وہ اس وقت عالمی اخبار اپ ڈیٹ‌کرنے کے لئے اٹھتے ہیں‌ ۔ انہوں نے بہت تسلی دی اور مجھے کئی ایسے لمحے یاد کروائے جب صرف دعاؤں کے صدقے ہی بلایئں ٹل گئیں تھیں ۔ دعاؤ‌ں‌ کا ایک تسلسل تھا جو رپورٹ‌ جانے بغیر میرے ساتھ ہو لیا تھا ۔۔

بس بچوں کو نہیں بتا سکی کہ وہ کہیں سہم نہ جایئں ۔۔۔ رو نہ پڑیں کہ اب کیا ہوگا اور آفتاب نے بھی یہی کہا تھا کہ دونوں مل کر بتایئں گے جو بھی رپورٹ ہو گی ۔۔ اور یہ بھی میں سمجھایا کہ میں ایک بہادرعورت ہوں اور سب میرے ساتھ ہیں ۔

اب پانچ بج کر پچپن منٹ ‌ہو رہے تھے ۔۔۔

چار بج کر پچیس منٹ سے لے کر پانچ بج کر پچپن منٹ تک کا یہ سفر یوں تو ایک گھنٹہ تیس منٹ کا تھا لیکن لگا ایسے ، جیسے کئی جنموں کا ہو ۔۔
میرا دل اتنی تیزی  سے دھڑک رہا تھا جیسے کوئی مجرم اپنی سزا سننے کے لئے کمرہ عدالت میں سانس روکے کھڑا ہو ۔۔
میں‌اپنی ذات میں آیئنہ ہو رہی تھی ۔۔
زوم کی اسکرین پر ڈاکٹر رابعہ شیخ سامنے تھی ۔۔ اس کی من موہنی صورت ، پرنور مسکراہٹ سب کچھ بھلائے دے رہی تھی ۔
یکبارگی مجھےفخر ہوا کہ ہم تینوں‌ ڈاکٹرز پاکستانی تھے اور اپنی اپنی فیلڈ‌ میں بہت اچھے ڈاکٹرز ۔۔۔ ہاں بہت اچھے یہ میرا یقین تھا۔

جنرل پریکٹیشنر ڈاکٹر مدحت سید
گائیناکولوجسٹ‌ ڈاکٹر رابعہ شیخ‌
ایڈکشن فزیشن ڈاکٹر نگہت نسیم

نگہت تمہاری رپورٹ‌ ابھی مکمل ہو کر مجھ تک نہیں پہنچی ہے لیکن

Hystopathologist

کی ابتدائی رپورٹ‌ کے مطابق ۔۔۔۔۔ یہاں میں نے رابعہ کی بات کاٹی
رکو رابعہ ۔۔ میں آفتاب کو وٹس اپ پر شامل کر لوں‌ ۔۔ پھر آفتاب بھی شامل ہو گئے
ہاں اب کہو رابعہ
رپورٹ‌ اچھی نہیں آئی ہے ۔۔۔
اور ۔۔۔کتنی اچھی نہیں ہے
رپورٹ‌ کے مطابق تمہیں گریڈ ٹو کا کینسر ہے

Endometrial Cancer 

دیکھو یہ ابتدائی رپورٹ ہے ۔۔۔
رابعہ کہہ رہی تھی کہ آپریشن بہت ضروری ہے۔۔۔ پر میں وہاں تھی ہی کب ۔۔ ہر طرف ایک ہی سچائی سنائی دے رہی تھی ایک ہی صدا کانوں میں گونج رہی تھی۔۔

ڈاکٹر نگہت نسیم تمہیں کینسر ہے ؟

مجھے لگا جیسے میرے اطراف مکمل خاموشی چھا گئی ہو ۔۔۔ ایک پرسکون سا اطمینان ایسے جیسے ساحلوں‌ پر طوفان کی تباہی کے بعد ہوتا ہے ۔ ۔۔ کہیں میرے خواب ٹوٹے بکھرے پڑے تھے ۔۔ کہیں میرے ادھورے سفر حیرت میں تھے ۔۔ کہیں امیدوں کے سائبان اڑ رہے تھے ۔۔اور ان سب کے درمیان میں حیران سی ڈاکٹر نگہت نسیم کھڑی تھی ۔

چار بج کر چھ منٹ‌ سے لے کر پانچ بج کر پچپن منٹ‌ تک آنے والے طوفان کے بعد ایسی تھکن بھری خاموشی بنتی تھی ۔
میں اتنے سے وقت میں‌ یوں جیسے دو دھاری تلوار پر چل کر منزل تک پہنچی تھی ۔۔ اب مجھے آرام چاہیئے تھا ۔
پر ۔۔۔ ابھی اس سے آگے بھی بہت کچھ سننا باقی تھا
نگہت سنو تم فکر مت کرو ۔۔۔
یہ لو گریڈ کینسر ہے ابھی ۔۔ اس کی

Prognosis

تشخیص بھی اچھی ہوتی ہے ۔۔ تم ڈاکٹر ہو ۔۔تم جانتی ہو ۔
اور میں سوچ رہی تھی کہ میں تو اس وقت نہ ڈاکٹر ہوں اور نہ ہی کچھ جانتی ہوں ۔۔۔ مجھے کینسر سے زیادہ اپنے یوں تہی دامن ہو جانے کا دکھ تھا ۔۔ میں خود کو بہت مضبوط سمجھتی تھی ۔۔دعویدار تھی کہ ہر مشکل کا سامنا کر سکتی ہوں ۔۔ میں خود اپنی تسلی تھی ۔۔۔ لیکن صرف ایک پل ۔۔اف ایک پل نے مجھے لوٹ لیا تھا ۔
کیوں میں کمزور پڑ رہی ہوں ؟
ایسا کیسے ؟
رابعہ کہہ رہی تھی ۔۔ نگہت میں‌ نے ڈاکٹر مائیکل برلنگ جو گائنی کی کینسر سرجری کے ماہر ہیں ۔ ان سے تمہارے لئے وقت لے لیا ہے ۔۔ انہیں ریفرل لیٹر بھی بھیج دیا ہے۔
بدھ پہلی جون کی صبح‌گیارہ بجے تمہاری ویسٹ‌ میڈ‌ ہوسپٹل میں ان سے اپوائنمنٹ‌ ہے ۔۔
مائیکل ایک بہترین سرجن ہے اور وہ میرے کولیگ شریک کار بھی ہیں ۔ ہم دونوں نے بہت سارے آپریشن ایک ساتھ کیئے ہیں ۔
اگر تم چاہو تو تمہاری تسلی کے لئے میں بھی آپریشن میں انہیں مدد کر سکتی ہوں
بس تم فکر نہ کرنا ۔۔۔ اپنی اور ہماری دعاؤں پر بھروسہ رکھو ۔۔۔ تم جلد اچھی ہو جاؤگی ۔
اچھا سنو ۔۔ میں‌تم کو فل باڈی سی ٹی اسکین کی درخواست ‌ ای میل کر رہی ہوں‌ ۔۔ مائیکل سے ملنے سے پہلے سکین ضرور کروالینا تاکہ اسے فیصلہ کرنے میں آسانی ہو ۔
بہت بہت شکریہ رابعہ ۔۔۔
آئی ول ( میں ضرور ہدایت ہر عمل کرونگی )

میں واقعی اپنی دونوں‌مسیحاؤں ڈاکر مدحت سید اور ڈاکٹر رابعہ شیخ کی شکرگزار تھی جنہوں نے مجھے باخبر کیا ۔۔میرے لئے علاج تجویز کیا ۔۔ میری زندگی پر بہت احسان کیا ۔۔۔ میرے حق میں بہترین فیصلے کئے ۔
زوم میٹنگ ختم ہو چکی تھی ۔
فون پر آفتاب کی تسلیاں مجھے تھپک رہیں تھیں ۔
پر ۔۔ میں کچھ اور سوچ رہی تھی ۔۔۔۔ آفتاب کے گھر پہنچنے تک کچھ فیصلے تھے جو صرف مجھے ہی کر نے تھے ۔
میرے پاس صرف دو گھنٹے بچے تھے ۔۔
اور ۔۔۔ آفتاب کے آنے تک مجھے کامیاب ہونا تھا ۔۔

جاری ہے
ڈاکٹر نگہت نسیم

SHARE

2 COMMENTS

  1. اللہ پاک مہربانی فرماے گا اور اسی طرح ہنستی مسکراتی نظر آہیں گی آپ ایک بہادر خاتون ہیں اور ہم سب کی دعاہیں بھی تو ہیں جو یہ سب سن کر خود بخود ہمارے دل سے نکل رہی ہیں
    میں چکوال گیا ہوا تھا ایک مشاعرے کے لیے مگر ابھی یہ سب پڑھا انشاءاللہ آپ بالکل ٹھیک ہو جاہیں گی اتنے قابل لوگ آپ کے ساتھ ہیں
    امام زمانہ علیہ السلام کی امان میں میری بہن

  2. میں آپ کے ساتھ ساتھ سفر کررہی ہوں گوکہ میں نے بوجہ مصروفیت فیس بک سے دوری اختیار کی ھوئ تھی ۔لیکن آج صبح سے سلسلہ وار پڑھنا شروع کیا بلکہ محسوس کرنا ۔مجھے اپنے پہلی بار کرونا میں مبتلاھونے کے دن یاد، آگیے ۔بڑی ھمت کی بات ہے آپی ۔آپ کو اللہ سلامت رکھے ۔اور، اس موذی مرض سے مکمل نجات دے صحت وسلامتی کے ساتھ۔

LEAVE A REPLY