ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس: نیب پراسیکیوشن کے حتمی دلائل مکمل

0
659

ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں نیب پراسیکیوشن کے حتمی دلائل مکمل ہو گئے ہیں،وکیل استغاثہ نے کہا کہ تقریر میں نواز شریف نے کہا کہ کرپشن کے پیسے سے جائیداد بنانے والا کبھی اسے اپنے نام پر نہیں رکھتا، ہماراکیس بھی یہی ہے کہ نوازشریف نے اپنے بچوں کے نام پرجائیدادیں بنائیں۔

وکیل استغاثہ نے مزید کہاکہ نواز شریف کے لندن فلیٹس کے مالک ہونے کے شواہد پیش کر دیے، اب بار ثبوت ملزمان پر ہے جنہوں نے اپنے دفاع میں کچھ پیش نہ کیا۔

ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے چوتھے روز حتمی دلائل مکمل کر لیے اور کہا کہ ملزمان نے نہ صرف لندن فلیٹس کی ملکیت تسلیم کی بلکہ ایک خاص موقف بھی اپنایا جو درست ثابت نہ ہوا، نواز شریف نے قوم سے خطاب اور قومی اسمبلی کی تقریر میں کبھی قطری خط کا ذکر نہیں کیا، تقریر میں کہا یہ ہیں وہ ذرائع جن سے لندن فلیٹس خریدے گئے مگر عدالت میں وہ ذرائع بتائے نہ منی ٹریل پیش کی۔

سردار مظفر عباسی نے کہا کہ نواز شریف نے قومی اسمبلی میں کچھ اور بتایا اور سپریم کورٹ میں نئی کہانی سنائی، نواز شریف نے کہا کرپشن کے پیسے سے جائیداد بنانے والا کبھی اسے اپنے نام پر نہیں رکھتا، ہمارا کیس بھی یہی ہے کہ نواز شریف نے اپنے بچوں کے نام پر جائیداد بنائی ، فرد جرم کے مطابق نیب نے اپنی ذمہ داری پوری کر دی اب بار ثبوت ملزمان پر تھا کہ وضاحت کرتے اور منی ٹریل پیش کرتے مگر وہ ثبوت فراہم نہیں کر سکے ۔

سردار مظفرعباسی نے کہاکہ لندن میں گواہ رابرٹ ریڈلے سے ملنے پر اعتراض کیا گیا حالانکہ نیب پراسیکیوٹراپنے گواہوں سے ملتے ہیں۔

انہوں نے جج کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ نے خود کہا تھا کہ واجد ضیا کو سمجھاؤ ں کہ بیان کیسے دینا ہے تاکہ گواہ ادھر ادھر نہ جائے اور عدالت کا وقت بچ سکے، سوموار گیارہ جون کو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہو گی اور واجد ضیا بطور گواہ پیش ہوں گے

SHARE

LEAVE A REPLY