جب ہم کراچی بسنے کے لئے فیصل آباد سے آئے تو لگتا تھا کسی میلے میں
آگئے ہیں ۔ ہر طرف لوگوں کا رش ، گہما گہمی ، تیز تیز بولنا، اور 2کے , 2ڈی
کا ذکر۔ نہاری بریانی، حلیم، شرہفہ، ربڑی ،،،،،
میری تو کچھ سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ یہ سب کیا ہیں۔ کون ہیں کہاں ہیں۔
ایک جگہ رات کے کھانے پر دعوت میں گئے۔ سب بہت خوش تھے کہ نہاری
بھی ہے بریانی بھی اور میٹھے میں تو ربڑی ہے۔ مزہ آگیا !
یہ نام ہمارے لئے غیب تھے۔ فوجی ہونے کی وجہ سے نگر نگر پھرے مسافر
والی زندگی تھی۔ شہروں میں ضرور یہ سب پکتا ہوگا مگر ہم ذیادہ تر شہر اور
بستی سے دور ہی رہے۔
شور کوٹ روڈ میں تو بجلی بھی نہیں تھی۔ ریلوے اسٹیشن پر بھی لال ٹین ہی
نظر آئی۔
ریلوے گیسٹ ہاوس ہمارے میاں جی نے لے لیا تھا۔ اس مین رہائش تھی۔ وہاں
یہ سب چیزوں کا کیا کام۔
ہم خالص اصلی دودھ ، دہی لسی مکھن، شہد، تازہ سبزی تازہ گوشت اور پھلوں سے
بخوبی واقف تھے۔ تانگے کی سواری سے بچپن سے یاری تھی۔
پشاور مال روڈ پر انڈے والا بابا، سائکل پر بیکری والا آجاتا، دودھ مکھن والی
بڑی سی آرمی کی گھوڑا گاڑی ۔ ذیادہ تو پیدل ہی آتے جاتے تھے۔ دور جانا ہوا
تو گھر کی کار میں جاتے۔
اب بتائیں کراچی ہمارے لئے عجائب گھر تھا یا نہیں۔ ہر چیز بیچنے والے
سارا دن آوازیں لگاتے۔
بہت مزا بھی آتا قلفی گھر بیٹھے خرید لیتے۔
خیر جی بات ہو رہی تھی دعوت کی۔
نہاری اردو میں ہم سمجھے کوئ لڑکی نہا رہی ہوگی۔ مگر نہاری ڈش بھی ہوتی
ہے یہ اس دن آگاہی ہوئ۔ پلاو سے واقفیت تھی مگر بریانی سے اس دن شناسائ
ہوئ۔ ربڑی بھی پہلی دفعہ دیکھی اور کھائ۔ سب بہت اچھا لگا۔
لڑکے 2کے , 2ڈی بولیں تو سمجھ ہی نہ آئے کہہ کیا رہے ہیں۔ پتہ چلا بسوں کے
نام ہیں۔ کراچی میں ہر چیز تیز رفتار ہے اسی طرح گفتگو بھی تیز اور رفتار
سے۔ ہم تھے پینڈو۔ محلہ نہیں، آس پاس کوئ نہیں۔ فوجی گھر میں کم باقی ہر
جگہ پایا جاتا ہے۔ تو ہم بولتے کس سے۔ بچے بہت چھوٹے تھے۔
میاں جی سے لڑنے کا مزہ بھی کراچی میں آیا۔
ہم لڑتے رہتے وہ خاموشی سے اپنے کام میں مصروف رہتے۔ جل کہ ایک دفعہ
کہا کہ آپ تو لڑتے ہی نہیں ہم اتنی دیر۔ سے شور کر رہے ہیں تو مسکرا کہ
بولے تم شوق پورا کرو اب میری یہ اوقت ہے کہ تم سے لڑونگا۔ لڑتے تو دشمن
سے ہیں۔
رمضان آئے۔ اب کھجلہ پھینی ایک معمہ ۔یہ کیسی سویوں کی روٹیاں اور
کھجلہ بھی عجیب چیز لگی۔ کراچی تو درسگاہ بن گئ تھی۔ چیکو دیکھے تو
حیرت۔ اتنے گول گول آلو۔ پتہ چلا پھل ہے۔ شریفہ دیکھ کر حیرت ہوئ کہ اس
میں کون سی شرافت ہے۔ سمجھ ہی نہ آئے اس میں کیا کھائیں ، صرف بیج
ہی بیج۔ پپیتا الگ ہاتھوں سے پھسلا جائے۔
نہاری زبر کے ساتھ ہو تو مطلب ہے غسل اور زیر سے ہو تو صبح ناشتے میں
کھانے والی چیز جو کراچی میں تو ہر وقت کھائ جا سکتی ہے۔
دوستو یہ تھی بس ہماری نہاری کی کہانی












