نگراں وزیراطلاعات و قانون علی ظفر کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے، فیصلہ ان کی وطن واپسی کے بعد کیا جائے گا جبکہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں نہیں بلیک لسٹ میں تھاجسے نکالا اور ڈالاجاسکتا ہے۔
یہ بات علی ظفر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت انتخابات کرانا ہماری ذمہ داری ہے، الیکشن کے بروقت انعقاد میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ای سی ایل میں نام شامل کرنے کا ایک طریقہ کار ہے، ای سی ایل میں نام شامل کرنے کے لیے کابینہ منظوری دیتی ہے جبکہ بلیک لسٹ میں نام کسی قسم کی منظوری کے بغیر شامل کیا جاتا ہے اور بلیک لسٹ سے نام کو کسی بھی وقت نکالا جاسکتاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے کہا ہےلیکن معاملہ کمیٹی کے زیر غور ہے













