پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف آسمان سے نہیں اترے کہ ان کیلئے الگ قانون ہو، کیس پر بہت وقت اور پیسہ برباد ہوا۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ موخر کرنے کیلئے نواز شریف کی اپیل پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ساری قوم منتظر ہے، فیصلہ آنا چاہیے۔ انہوں نے سابق وزیرِاعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیس پر بہت وقت اور پیسہ برباد ہوا، نواز شریف آسمان سے نہیں اترے کہ ان کیلئے الگ قانون ہو۔ کیا وہ کوئی اوپر سے آئی ہوئی مخلوق ہیں، کیا نواز شریف کے بعد ہر پاکستانی کو اجازت دی جائے گی؟
اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ باریاں لینے والے کراچی کے مسائل نہیں حل کر سکے، اداروں کو ٹھیک نہیں کیا گیا، شہر میں گندگی کے ڈھیر ہیں۔ 25 جولائی کو عوام باہر تحریکِ انصاف کے لیے نکلیں گے۔
اس سے قبل عمران خان کی کراچی میں دوسرے روز بھی بھرپور انتخابی مہم رہی، انہوں نے مختلف حلقوں کے طوفانی دورے کیے اور وہاں شہریوں سے خطاب کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ اقتدار میں آ کر نیشنل ہاؤسنگ پالیسی کے تحت پچاس لاکھ گھر تعمیر کریں گے۔













