کینیڈا میں گذشتہ ایک ہفتے سے جاری ہیٹ ویو کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 54 ہو گئی ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے وسطی اور مشرقی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جبکہ صوبہ کیوبک میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ جس کے باعث شدید گرمی سے ہلاک افراد کی تعداد 54 تک پہنچ گئی ہے۔صوبہ کیوبک کے شہر مونٹریئل میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں جن کی تعداد 28 ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ حکومت کی جانب سے شہریوں کو پہلے ہی ہیٹ ویو سے خبردار کردیا گیا تھا۔
سٹی پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ زیادہ تراموات مردوں کی ہوئیں جن کی عمریں 53 سے 85 سال کے درمیان تھیں۔ جبکہ مرنے والوں میں بیشتر وہ ہیں جو گھر کی بالائی منزل پر بغیر ایئرکنڈیشنڈ کے رہائش پذیر تھے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو سے متاثر ہونے والے علاقوں میں صوبہ کیوبک کے جنوبی حصے، صوبہ اونٹاریو اور بحراوقیانوس کے علاقے شامل ہیں۔ کینیڈا میں ہیٹ ویو کا آغاز 29 جون سے شروع ہوا تھا۔کینیڈا میں گزشتہ کئی دہائیوں میں حالیہ گرمی کی لہر شدید ترین ہے۔حکام نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سخت گرم موسم میں زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں اور سایہ دار جگہ پر رہیں۔
شہری گرمی سے بچنے کیلئے ٹھنڈے مقامات اور پارکوں کو رخ کر رہے ہیں۔












