سپریم کورٹ میں جعلی اکاؤنٹس ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مختلف بینکوں میں جعلی اکاؤنٹس رکھنے والی 8 شخصیات کو طلب کرلیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نے جعلی اکاؤنٹس ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن عدالت میں پیش ہوئے۔

بشیر میمن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 2010ء میں شروع کی گئی انکوائری کے مطابق اب تک سات لوگوں سے متعلق 29 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں سے 16 اکاؤنٹس سمٹ بینک، 8 سلک بینک اور 5 اکاؤنٹس یونائیٹڈ بینک میں تھے۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ اکاؤنٹس سے 35 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کی گئیں، جن میں سے سات کروڑ روپے انصاری شوگر مل اومنی کو 50 لاکھ، پاک ایتھانول ڈیڑھ کروڑ، چمبڑ شوگر 20 کروڑ، ایگرو فارم کو 57 لاکھ روپے، جبکہ زرداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کو ڈیڑھ کروڑ روپے منتقل کیے گئے۔

بشیر میمن نے بتایاکہ سمٹ بینک کے حسین لوائی اور طحٰہ رضا کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

چیف جسٹس نے ڈی جی ایف آئی اے سے کہا کہ جن لوگوں سے آپ لڑنا چاہ رہے ہیں وہ آپ کے قابو میں نہیں آئیں گے۔ آپ کو سپریم کورٹ کی مدد درکار ہوگی۔ وائٹ کالر کرائم کو پکڑ لیا تو تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔ پاناما طرز پر جے آئی ٹی بنائیں جس میں فنانشل ماہرین بھی ہوں۔عدالت نے وزارت داخلہ کو اکاؤنٹس ہولڈرز اور اسکینڈل میں ملوث لوگوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے اور سمٹ بینک کے اسٹیٹ بینک میں 7 ارب زرضمانت منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے سمٹ بینک، یوبی ایل اور سندھ بینک کے سی ای اوز کو طلب اور 29 جعلی اکاؤنٹس رکھنے والے 8 افراد کو نوٹسس جاری کر دیئے۔

عدالت نے آئی جی پولیس سندھ کو طلب کیے گئے تمام افراد کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 12 جولائی تک ملتوی کردی۔

SHARE

LEAVE A REPLY