ایف آئی اے نے اربوں روپے کی مبینہ غیر قانونی ٹرانزیکشن کے معاملے پر سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کوآج طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے انسپکٹر محمد علی ابڑو کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور دونوں شخصیات کو پوچھ گچھ کے لیے ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل میں آج طلب کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق آصف زرداری اور فریال تالپور کو ایک ساتھ صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے،آصف زرداری کو زرداری گروپ لمیٹڈ کے شیئر ہولڈر اور فریال تالپور کو بطور زرداری گروپ کی ڈائریکٹر طلب کیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق فریال تالپور کونوٹس کلفٹن بلاک 5 میں ان کی رہائش گاہ اور آصف علی زرداری کو نوٹس بلاول ہاؤس بھیجا گیا ہے،نوٹس کے متن میں کہا گیا ہےکہ 20 مئی 2014 کو ڈیڑھ کروڑ کا چیک زرداری گروپ لمیٹیڈ کے اکاؤنٹ میں جمع ہوا، دونوں رہنماؤں کی کمپنی کا نام مقدمہ نمبر4/2018 میں بطور بینفشری درج ہے۔

نوٹس میں دونوں شخصیات کو اصل شناختی کارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ جان بوجھ کرپیش نہ ہونے پرضروری قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالنے پر اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس آج لاہور میں طلب کر لیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY