سابق وزیراعظم نواز شریف، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے اڈیالہ جیل میں ان کے وکلا ءنے ملاقات کی اور سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں سزا یافتہ قیدیوں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے ان کی لیگل ٹیم نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔
اس دوران احتساب عدالت میں زیر التواء دو ریفرنسز، ان کی منتقلی کی درخواست اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر اپیلوں کے حوالے سےبحث ہوئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ نواز شریف پرعزم اور مضبوط ہیں تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ جیل میں انہیں جو سہولتیں ملنی چاہئیں، وہ نہیں ملیں۔
انہوں نےمزید کہا کہ کیپٹن صفدر دل کے مریض ہیں اس کے حوالے سے میڈیکل ریکارڈ موجود ہیں مگر اس کے باوجود وہ جیل مینوئل سے ہٹ کر غیر معمولی طبی سہولیات نہیں لینا چاہتےاور ساتھ ہی مریم نواز بھی اضافی سہولیات نہیں لینا چاہتیں ہیں۔












