پمز اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو جیل واپس بھیجے جانے کی خبریں درست نہیں،ان کی جیل واپسی ان کی صحت سے مشروط ہے۔
پمز اسپتال کے ڈاکٹروں کا مزیدکہنا ہے کہ نوازشریف کی طبیعت میں پہلے سے بہتری آئی ہے، تاہم گزشتہ رات کی شوگر، بلڈ پریشر اور ای سی جی کی رپورٹس مکمل نارمل نہیں ہیں۔
ڈاکٹرز کا مزید کہنا ہے کہ نوازشریف کی مکمل صحت یابی کی اطلاح متعلقہ حکام کو دے دی جائے گی، آج ان کے تمام ٹیسٹ دوبارہ کیے جائیں گے۔
پمزکے ڈاکٹرز نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہارٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر نعیم 3رکنی ٹیم کے ساتھ آج نواز شریف کا چیک اپ کریں گے۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیلہ میں قید نواز شریف کو طبیعت خراب ہونے پر گزشتہ روز پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو احتساب عدالت اسلام آباد نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قید اور جرمانےکی سزا سنائی ہے۔












