مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں زیادہ تر اراکین کا حمزہ شہباز کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا مشورہ، شہباز شریف کہتے ہیں کہ جمہوریت پسند لوگ ہیں، تمام فیصلے مشترکہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر کرینگے۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کے زیرِ صدارت لاہور کے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں انتخابات کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پارلیمانی پارٹی کے اکثریتی اراکین نے حمزہ شہباز کو اپوزیشن لیڈر بنانے کی حمایت کی۔ حمزہ شہباز کا نام آتے ہی اراکین نے نعرہ بازی کی جس پر شہباز شریف نے مسکرا کر جواب دیا کہ پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی سب قبول کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ انتہائی ناسازگار اور مشکل حالات جیت کر آئے ہیں۔ اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود مسلم لیگ ن صوبے کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ پرامید رہیں، پنجاب میں حکومت بنائیں گے، اگر نہ بنا سکے تو اپوزیشن کا کردار بھرپور طریقے سے نبھائیں گے۔
شہباز شریف نے نومنتخب اراکین کو پرعزم رہنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں پنجاب سے منتخب ہونے والے 129 میں سے 121 شریک ہوئے جبکہ آٹھ اراکین ذاتی وجوہات کی بنا پر شرکت نہ کر سکے













