تحریک انصاف کل ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عمران خان کو باضابطہ وزیراعظم کا امیدوار نامزد کرے گی، فواد چوہدری کا کہناہے کہ بی این پی کی حمایت کے بعد نمبر گیم 174 سے 177 پر پہنچ جائے گا۔
ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کہتے ہیں کہ آزاد ارکان کی شمولیت سے پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 125تک ہوگئی ہے۔ وزیراعظم کیلئے اتحادیوں، خواتین، اقلیتوں کے ساتھ پی ٹی آئی کانمبر 174 پرپہنچ چکا ہے اور بی این پی کی حمایت کے بعد نمبر گیم 177تک پہنچ جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے حکومت سازی کے بعد پہلے مرحلے میں 15 سے 20 وزراء پر مشتمل کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس میںوفاقی کابینہ میں بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور پنجاب کی نمائندگی ہوگی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ایم کیو ایم کو پورٹس اینڈ شپنگ اور محنت و افرادی قوت کی وزارتیں دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایم کیو ایم کا ایک وزیر ہوگا، بعد میں ایک مشیر لیا جائے گا۔ عمران اسماعیل کو ایم کیو ایم سے معاملات طے کرنے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الہٰی پنجاب اسمبلی میں اسپیکر ہوں گے۔ذرائع کے مطابق مرکز میں مسلم لیگ ق کو کوئی وزارت نہیں ملے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی اولین ترجیح سادگی اور کفایت شعاری اپنانا ہوگی اور وزراء کی کارکردگی عمران خان خود مانیٹر کریں گے۔













