پی ٹی آئی قیادت آج ’عمران خان کو بطور وزیراعظم‘ نامزد کرے گی

0
50

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین عمران خان کو بطور وزیراعظم نامزد کیے جانے کا امکان ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کےمطابق عمران خان کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ میں شامل ارکان کے ناموں کی حتمی منظوری متوقع ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین پہلے ہی فیصلہ کر چکے ہیں کہ وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 15 سے 20 وفاقی وزراء پر مشتمل ہو گی۔

پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے تصدیق کی کہ ’اجلاس میں عمران خان کو ملک کا اگلہ وزیراعظم نامزد کیا جائے گا‘۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے ارکان کے نام بھی حتمی فیصلے کے لیے پیش کیے جائیں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ- پاکستان (ایم کیو ایم، پی) کے نو منتخب قومی اسمبلی کے ارکان نے وفاق مین پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا اس لیے پارٹی کی جانب سے ایم کیو ایم، پی کو ایک وفاقی وزارت دینے کا امکان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کی قیادت وزیراعلیٰ پنجاب کی نشست کے لیے علیم خان، فواد چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد اور سبطین خان کے ناموں پر غور کررہی ہے‘۔

خیبرپختونخوا میں وزیر اعلیٰ کے لیے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور عاطف خان مضبوط امیدوار ہیں۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے نائب صدر پرویز اعلیٰ کا نام پنجاب اسمبلی اسپیکر کے لیے زیر غور ہے۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ق) نے پنجاب اور وفاق میں پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY