چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ چوروں اور ہینڈلرز سن لو قوم کبھی ان ڈاکوؤں کو تسلیم نہیں کرے گی۔

راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا مارچ پاکستان کا سب سے بڑا احتجاجی مارچ ہو گا، ہم اسلام آباد کی طرف آئیں گے، شہبازشریف تم الٹے بھی لٹک جاؤگے تو کچھ نہیں کرسکوگے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد مارچ کےلیے ہر چیز کو سوچ سمجھ کر پلان کر رہا ہوں، رانا ثنا اللہ کی پلاننگ کو جانتا ہوں، جوجتنا بزدل آدمی اتنا ہی ظالم ہوتا ہے، چار دفعہ ہمارے دور میں انہوں نے لانگ مارچ کیے مگر کوئی کنٹینرنہیں لگایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان کو ڈر ہے، جب بھی لانگ مارچ کا نام لیتا ہوں ان کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو جاتی ہے، ہرجگہ فون ٹیپ ہو رہے ہیں، انہوں نے نوکروں کوبھی خریدنے کی کوشش کی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کیا موبائل فونز ٹیپ ہو رہے ہیں، میڈیا پر پابندیاں لگ رہی ہیں، سوشل میڈیا ورکرز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے صرف اس لیے کہ ہم ان چوروں کو قبول کرلیں، سن لو یہ قوم انہیں قبول نہیں کرے گی، انسانی حقوق والے آج کدھر چھپ گئے ہیں،ہمارے دورمیں توبڑا شورمچ جاتا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار وزیراعظم کے جہاز میں بیٹھ کر بھاگ گیا تھا، جوبھی بھاگتا ہے لندن بھاگ جاتا ہے، مریم بھی لندن بھاگ گئی ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف کہتا ہے کہ ناجائز کیسز کیے بڑا ظلم ہوا، سوال یہ ہے کہ کیا عدلیہ نے غلط کیسز کیے تھے، جب ان کے خلاف کیسز بنے تو اس وقت تو ہماری حکومت نہیں تھی، کیا یہ عدلیہ،اسٹیبلشمنٹ پر الزام لگا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ آج تک لندن فلیٹس کی منی ٹریل نہیں دے سکے، میں نے تواپنے 40 سال کا حساب دیا تھا۔ اگر کرکٹرجواب دے سکتا تھا تو نوازشریف تین دفعہ ملک کا وزیراعظم رہا جواب کیوں نہیں دے سکتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ طاقتورڈاکولندن میں بیٹھ کرعیاشیاں کرتے ہیں، ہمارا مارچ پاکستان کا سب سے بڑا احتجاجی مارچ ہوگا، آئین وقانون کے دائرے میں پُرامن احتجاج ہوگا۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہم سیاست نہیں ملک کوآزاد کرنے کے لیے جہاد کر رہے ہیں۔ خواتین نے بھی گھروں تک حقیقی آزادی کا پیغام پہنچانا ہے، قوم تیاربیٹھی ہے، ایم این ایز،ایم پی ایزنے صرف راولپنڈی میں رہنا ہے اور لیڈ کرنا ہے، اپنے آفس سے ہر چیز کو خود مانیٹر کرونگا۔

عمران خان کا تھا کہ آپ لوگوں نے مجھے مایوس نہیں کرنا، اب میری آپ کے ساتھ مارچ کے دوران ملاقات ہو گی، وقت قریب ہے مارچ کی کال کا اعلان کرنے والا ہوں، یہ لانگ مارچ تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہو گا۔

SHARE

LEAVE A REPLY