وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج نے امریکی سینیٹ کے سامنے پیش ہو کر اپنا موقف پیش کرنے پرغور شروع کر دیا ہے۔ وہ گزشتہ چھ برسوں سے لندن میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ اسانج امریکی سینیٹ کے سامنے پیش ہو کر سن 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کے حوالے سے سینیٹرز کے سوالات کا جواب دینا چاہتے ہیں۔
وکی لیکس کے بانی کی وکیل جینیفر اینڈرسن نے اس پیش رفت کی تصدیق کر دی ہے۔ اینڈرسن کے مطابق امریکی سینیٹ کی درخواست اس کا ثبوت ہے کہ سینیٹرز جولیان اسانج کو سننا چاہتے ہیں۔ امریکی سینیٹ کی خصوصی کمیٹی اسانج کے ساتھ گفتگو کو بند دروازے کے پیچھے کرنا چاہتی ہے۔











