بھارتی ریاست کیرالا میں مون سون کی شدید بارشوں کے نتیجے میں 106 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ حکام نے ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کے بے گھر ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں کیرالا کے سبھی دریا، ندی اور نالے اُبل پڑے ہیں اور سیلابی ریلے تباہی و بربادی پھیلاتے ہوئے آگے بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔ کئی شہروں، قصبوں اور دیہات میں چھتوں پر بیٹھے ہوئے بےگھر لوگ امداد کے منتظر ہیں۔ ریاستی انتظامیہ نے اب تک ایک لاکھ 47 ہزار افراد نے امدادی خیموں میں پناہ حاصل کی ہے۔ پوری ریاست میں تیرہ سو سے زائد بے گھر افراد کے عارضی کیمپ بنائے گئے ہیں۔ امدادی سرگرمیوں میں بھارت کی بری، بحری اور فضائی افواج کے دستے شریک ہیں۔












