کراچی کے علاقے ڈیفنس سے پولیس نے خود کو ڈاکٹر ظاہر کرکے کورونا وائرس کی جعلی ویکسین فروخت کرنے والے ایک شخص کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
کلفٹن سپرنٹنڈنٹ عمران مرزا نے کہا کہ ‘ڈیفنس پولیس نے سید دیدار علی نامی ایک جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کیا ہے فیز ٹو ایکسٹینشن کے ویسٹ پوائنٹ کلینک میں کورونا وائرس کی جعلی ویکسین فروخت کر رہا تھا۔’
پولیس نے مشتبہ شخص کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 419 (بھیس بدل کر دھوکا دینے) اور 420 (فریب) کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
واضح رہے کہ چین میں گزشتہ سال کے آخر میں سامنے آنے والے کورونا وائرس (کووڈ 19) کی ویکسین کی تیاری میں اب تک کامیابی نہیں مل سکی ہے۔
دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق 35 کمپنیاں اور ادارے اس وائرس کی ویکسین تیار کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
اس کے باوجود ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کی تیاری اور فراہمی میں ایک سے ڈیڑھ سال لگ سکتا ہے۔












