بھارتی ریاست کیرالہ میں مون سون کی طوفانی بارشوں سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے جبکہ مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 324 تک پہنچ گئی ہے اور بدترین موسمی حالات کے باعث وارننگ بھی جاری کردی گئی ہے۔
ٖغیر ملکی خبررساں ادراے ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں مون سون بارشوں سے طوفان میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 324 تک جاپہنچی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے پی’ کے مطابق بھارت میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری بارشوں کے باعث حکومتی سیلابی کیمپوں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد پناہ لیے ہوئے ہیں، جبکہ کئی افراد اپنے گھر کی چھتوں پر جانیں بچانے کے لیے پناہ لینے پر مبجور ہیں۔
گزشتہ آٹھ روز سے جاری بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔
ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں کے باعث فضائی اور ٹرین سروس بھی معطل ہوگئی۔












