پاکستان نے وزیر اعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق جاری کردہ امریکی بیان مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان پاکستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔

ترجمان دفتر خاجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے درمیان دہشتگردوں کی پاکستان میں موجودگی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان حقائق کے برعکس ہے۔

اس سے پہلے امریکی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان پر پاکستان میں سرگرم تمام دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن ایکشن کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکی وزیرخارجہ نے ٹیلی فونک گفتگو میں عمران خان کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور افغان امن عمل میں پاکستان کے اہم کردار کی تعریف کی۔ مارک پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے عمران خان کے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے نیک خواہشات رکھتا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے خطے میں امن و استحکام تمام ممالک کے لئے ضروری قرار دیا اور کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا پاکستان اور امریکا کے مفاد میں ہے۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں امن کا قیام پہلی ترجیح قرار دیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY