امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کا شمالی کوریا کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا ہے۔
صدر نے کہا ہے کہ یہ دورہ جزیرۂ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے ہدف کی جانب ناکافی پیش رفت کی وجہ سے منسوخ کیا گیا ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ کو آئندہ ہفتے پیانگ یانگ کا دورہ کرنا تھا جس کی منسوخی کا اعلان صدر ٹرمپ نے جمعے کی شب اپنے ایک ٹوئٹ میں کیا۔
اپنے ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو سے کہا ہے کہ وہ فی الحال شمالی کوریا نہ جائیں کیوں کہ، صدر کے بقول، ان کا احساس ہے کہ “ہم جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی جانب اطمینان بخش پیش رفت نہیں کر رہے۔”
صدر ٹرمپ کا یہ بیان شمالی کوریا سے متعلق ان کے ماضی کے اس مؤقف کے برعکس ہے کہ امریکہ کو شمالی کوریا سے لاحق جوہری حملے کا خطرہ ختم ہوچکا ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ بیان رواں سال جون میں سنگاپور میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقات کے بعد دیا تھا۔
صدر نے کم جونگ ان کے ساتھ اپنی اس ملاقات کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے سربراہ اپنے ملک کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر راضی ہوگئے ہیں۔
لیکن سنگاپور میں ہونے والی سربراہی ملاقات کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر بات چیت میں کچھ زیادہ پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔
صدر ٹرمپ نے امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کو شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کی نگرانی سونپی ہے جو پیانگ یانگ سے جوہری ہتھیاروں کی تلفی کے لیے سخت اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
اس کے برعکس شمالی کوریا کی حکومت چاہتی ہے کہ پہلے امریکہ اس پر عائد پابندیوں میں نرمی کرے۔













