وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ صدراتی انتخاب کے لیے نمبرز پورے ہیں اورپاکستان کے آئندہ صدر عارف علوی ہی ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں پاکستان تحریک انصاف کا اجلاس ہوا، جس میں صدارتی الیکشن کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سربراہی میں ضمنی الیکشن کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا گیا، ضمنی انتخاب کے لیے دوبارہ درخواستیں نہیں مانگی جائیں گی ، پارلیمانی بورڈ خود ٹکٹیں تقسیم کرنے کا فیصلہ کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدارتی الیکشن میں کامیابی کے لیے پر امید ہیں اور عارف علوی صدر مملکت کے الیکشن میں کامیاب ہوں گے، صدارتی انتخاب میں نمبرز گیم ہمارے حق میں ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کابینہ سے متعلق فیصلے تاریخی ہیں، ایم کیو ایم، ق لیگ، جی ڈی اے سمیت اتحادیوں کا ہمیں مکمل ساتھ حاصل ہے لہٰذا صدارتی انتخاب میں ہمیں کوئی رکاوٹ درپیش نہیں۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں میں متفقہ صدارتی امیدوار لانے کے لیے اتفاق ہوگیا، جس کے بعد اب پی پی اپنی طرف سے3فضل الرحمان کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی کے بجائے براہ راست شہباز شریف کو فون پر دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہبازشریف پیپلزپارٹی کے 3 ناموں میں سے ایک نام منتخب کرکے کل اس کا اعلان کریں گے، دیگر اپوزیشن جماعتوں نے تینوں میں سے ایک صدارتی امیدوار کے انتخاب کا اختیار شہبازشریف کو دے دیا ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی رہنما سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کا وعدہ تھا کہ پڑھے لکھے افراد اور نوجوانوں کو آگے لایا جائے گا،نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل پڑھے لکھے کم لیکن ہوسکتا ہے کسی کام میں ماہر ہوں۔

سعید غنی کی بات پرردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سعید غنی تبصرہ کرنے سے قبل آصف زرداری کی تعلیمی قابلیت تو دیکھ لیتے اگر میٹرک پاس صدر ہوسکتا ہے تو گورنر بھی ہوسکتا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY