وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں، دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی بات کرنا احمقانہ سوچ ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، پاکستان اب بھی بھارت کے ساتھ تمام مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہے، اور ان مسائل میں اصل مسئلہ کشمیر کا ہے۔

فواد چوہدری نے انٹرویو میں کہا کہ ہمارے پاس کافی راستے موجود ہیں، ہم جنگ کی جانب بھی جاسکتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں اور جنگ کی جانب بڑھنا ہمارے حساب سے احمقانہ سوچ ہوگی۔

فواد چوہدری نے بھارتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترجیح بات چیت ہے جبکہ بھارت کی ترجیح اپنے پڑوسی ملک کو اندر سے کھوکھلا کرنا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہم مل بیٹھ کر مسائل تلاش کرکے ان کا حل نہیں نکال سکتے؟ پاکستان تمام مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔

فواد چوہدری نے ماضی کی یاد دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت 7 دہائیوں میں 3 جنگیں لڑ چکے ہیں، ہم اپنے پڑوسی تبدیل نہیں کرسکتے، اب بھارت کو فیصلہ کرنا ہوگا۔

وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت میں اب عام انتخابات قریب ہیں اور انتخابی مہم کے دوران وہاں پاکستان مخالف سوچ بکتی ہے، جبکہ پاکستان میں بھارت مخالف سوچ کو کوئی پزیرائی نہیں ملتی۔

SHARE

LEAVE A REPLY