دنیا کی تیز رفتار ترین ٹرین کے ساتھ سیلفی: زبیر بشیر

0
938

اس ٹائٹل کے ساتھ میں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ تحریر کی۔ اس کے بعد بہت سے سنجیدہ دوستوں نے مجھے خوب آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ آپ سے اس قسم کی غیر سنجیدہ حرکت کی توقع نہیں تھی۔ آپ نے ایسا کیوں کیا؟۔ یہ احباب کی محبت اور چاہت ہے کہ وہ مجھے کسی خطرناک یا غیر سنجیدہ قسم کی سرگرمی میں مشغول نہیں دیکھنا چاہتے۔ اس سے قبل کہ کچھ سینئر احباب سے مزید ڈانٹ پڑتی، میں نے اپنی پوسٹ ہٹا دی اور ٹائٹل میں ترمیم کے بعد دوبارہ لگائی۔

فرنٹ کیمرے والے موبائل فون متعارف ہونے کے بعد سیلفی ہمارے زندگی میں ایسے سیلف میڈ طریقے سے داخل ہوئی کہ ہمیں پتہ ہی نہ چلا اور یہ ہمارے روزمرہ معمولات کا حصہ بن گئی۔ موبائل فون کے کیمرے میں مختلف فیچر متعارف ہوئے، بیوٹی فلٹرز نے سیلفی اتارنے کی رسم کو مزید تقویت دی کیوں کہ اس کے ذریعے ہماراوہ چہرہ سامنے آتا ہے جو ہم دیکھنا چاہتے ہیں یعنی معصوم، حسن وجمیل، روشن اور کم عمر وغیرہ۔ کچھ لوگوں کا اس پر بھی دل نہیں بھرتا اور وہ اپنی سیلفی کو یادگار بنانے کے چکر میں خود یادگار بن جاتے ہیں۔ دنیا بھر میں سیلفی کے دوران جان جانے کے کئی دلخراش واقعات کی خبریں روزانہ نظروں سے گزرتی ہیں۔

میں کافی وضاحت پیش کر چکا ہوں اب میری اصلی والی بات سن لیں۔ ہوا کچھ یوں کہ گزشتہ دنوں چین کے صوبہ جے جیانگ کے شہر ہوجو میں جانے کا اتفاق ہوا۔ سفر بذریعہ فوشنگ بلٹ ٹرین تھا۔ چین میں فشنگ بلٹ ٹرین متعارف ہونے کے بعد سے فاصلے بہت زیادہ سمٹ گئے ہیں۔ چین بھر میں طویل ترین فاصلوں کا سفر اب دنوں کی بجائے گھنٹوں میں طے ہونے لگا ہے۔ چین میں ائرپورٹس کی خاطر خواہ تعداد موجود ہے اور ہوائی سفر بھی بہت زیادہ باسہولت ہے۔ ہوائی سفر کی کوریج کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ 250 سے زائد چھوٹے اور بڑے ائرپورٹ باضابطہ فعال ہیں اور ہوائی سفر کے ٹکٹ نہایت سستے ہیں۔

ٹرین کے ذریعے سفر قدرے مہنگا ہے لیکن لوگوں میں بہت زیادہ مقبول ہے۔ ایک ہزار کلومیٹر سے زائد کا سفر محض تین سے چار گھنٹوں میں باآسانی طے ہوجاتا ہے۔ ہائی اسپیڈ ریل کا ٹریک 40 ہزار کلومیٹر سے زائد ہے ۔ٹرین میں سفر کی ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ آپ اس ٹرین میں بیٹھے بیٹھے اپنے راستے میں آنے والے شہروں سے کھانے پینے کی اشیا خرید سکتے ہیں۔ ٹرین رکتے ہیں آپ کا کھانا آپ کو ڈیلیور کردیا جاتا ہے۔ اس کے لیے کوئی اضافی چارجز وصول نہیں کئے جاتے۔ ٹرین راستے میں آنے والے اسٹیشنوں پر محض دومنٹ کے لیے رکتی ہے اور مسافر نہایت نظم و ضبط سے اس سے اتر جاتے ہیں اور سوار ہو جاتے ہیں۔ ٹرین کی سیٹیں بہت زیادہ آرام دہ ہیں۔ لپٹ ٹاپ اور موبائل فون کی چارجنگ کی سہولت دستیاب ہے۔ فری انٹرنیٹ دستیاب ہے۔ آپ ٹرین میں کھانے کی چیزیں، مشروبات اور تحائف وغیر ریلوے کی ایپ کی مدد سے آرڈرکر سکتے ہیں۔ ٹرین کے سفر کو ٹریک کرنے کے لیے اسی ایپ کی مدد لی جا سکتی ہے۔ آپ اپنے مطلوبہ اسٹیشن کے لیے فون پر الرٹ لگا سکتے ہیں۔ ٹرین کے اندر موجود اسکرین اور براڈکاسٹ کے ذریعے بھی آنے والے اسٹیشن کی معلومات بہم پہنچائی جاتی ہیں۔ ان تمام خوبیوں نے ٹرین کے سفر کو بہت زیادہ مقبول بنا دیا ہے۔ اکثر ٹرین اسٹیشن شہروں کے بیچوں بیچ واقع ہیں اور سب وے یا مقامی ٹرانسپورٹ نظام کے ساتھ منسلک ہیں جس کی وجہ سے وقت کی بہت زیادہ بچت ہو جاتی ہے۔

چین کی فوشنگ بلٹ ٹرین دنیا میں سب سے تیز رفتار پیسنجر ٹرین ہے۔ اس کی رفتار 350 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ میں اور چینی ساتھی تبسم صاحبہ اپنی منزل ہوجو کی جانب رواں دواں تھے۔ میں دوران سفر بوگی میں موجود سپیڈو میٹر کی جانب متوجہ ہوا۔ جو تین سو سے تین سو پچاس کلومیٹر فی گھنٹہ کے درمیان گھوم رہا تھا۔ اچانک خیال آیا کیوں نہ اس وقت اسپیڈو میٹر کے ساتھ سیلفی لی جائے جب ٹرین 350 کی رفتار پر پہنچے۔ اس خیال کے ساتھ جب ٹرین قدرے سیدھے اور ہموار ٹریک پر آئی تو میں موبائل فون ہاتھ میں لے کر کھڑا ہو گیا۔ اسکرین پر جیسے ہی 350 آیا میں نے تصویر اتاری لیکن تصویر میں 349 آیا۔ بحرحال کئی مرتبہ کی کوشش کے باوجود میں 349 سے زیادہ کی اسپیڈ کے ساتھ سیلفی بنانے میں کامیاب نہیں ہوا۔ لیکن جناب فوشنگ بلٹ ٹرین پر سفر کا تجربہ ہمیشہ کی طرح نہایت شاندار اور کامیاب رہا۔

SHARE

LEAVE A REPLY