امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اور شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ایک دوسرے کے ساتھ محبت میں مبتلا ہوگئے ہیں اور اس محبت کو کم جونگ ان کے خطوط نے مزید بڑھا دیا۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز کو ورجینیا کے مغربی علاقے میں ری پبلکن پارٹی کے مقامی امیدواروں کی حمایت کے موقع پر کم جونگ ان کی تعریف کو نئی بلندیوں تک پہنچادیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو بتایا کہ ‘اور پھر ہم محبت میں مبتلا ہوگئے؟ کم جونگ ان نے مجھے خوبصورت خط لکھے اور وہ اعلیٰ خطوط ہیں، جن کی وجہ سے ہمیں محبت ہوگئی‘۔
چند روز قبل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کم جونگ کو طاقت ور شخص قرار دے دیا تھا جنہیں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں کی جانب سے کئی جرائم کا ذمہ دار ٹھہرا گیا تھا۔
ڈونڈ ٹرمپ نے 26 ستمبر کو کہا تھا کہ انہیں کم جونگ ان کی جانب سے ایک غیر معمولی خط موصول ہوا جس میں دونوں سربراہان کے درمیان دوسرے معاہدے کا تذکرہ کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ رواں سال 12 جون کو سنگاپور کے ایک شاندار ہوٹل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ ان نے ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات کے بعد شمالی کوریا کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر جوہری تنصیبات کی نمائش سے گریز کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس ڈونلڈ ٹرمپ نے کِم جونگ اُن کے قد اور وزن کا مذاق اڑاتے ہوئے انہیں ’چھوٹا راکٹ مین‘ قرار دیا، جس کے جواب میں شمالی کوریا کے رہنما نے امریکی صدر کو ’پاگل‘ اور ’احمق‘ قرار دیا تھا۔
دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان گزشتہ برس سے چند ماہ قبل تک لفظی جنگ جاری رہی جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی تضحیک بھی کی اور جنگ کی دھمکیاں بھی دیں۔












