میں نے 2018اکتوبر میں یہ کالم اسوقت لکھا تھا جب فواد چوہدری وزیر اطلاعات تھے اور انہوں نے قومی ادارے ریڈیو پاکستان کی اسلام آباد کی عمارت بیچنے کی بات کی تھی۔ تین سال کے عرصے میں ریڈیو کے ملازمین اور اس قومی ادارے اور اسکے مختلف مراکز کے ساتھ کیا کچھ نہیں ہوا یہ ظلم کی ایک الگ داستان ہے لیکن آج دوہزار اکیس میں یہی فواد چوہدری جو دراصل فساد چوہدری ہیں ایک بار پھر وزیر اطلاعات ہیں اور اس بار انہوں نے مختلف شہروں کے نشریاتی مراکز کی زمینیں ہتھیانے اور بیچنے پر توجہ مرکوز کی ہے اور اس کام میں ریڈیو کی موجودہ سربراہ عنبرین جان اور ڈائریکٹر فنانس اور ایڈمن بھی شامل ہیں۔ کسی بھی ادارے کا سربراہ اپنے ملازمین کا محافظ ہوتا ہے لیکن یہ کیسی سربراہ ہیں جنکو صرف اپنا گریڈ تبدیل کروانا تھا اور ملازمین کی ترقی کی فائلیں ردی کی ٹوکری میں ڈال دی گئی ہیں
تین سال پہلے کا کالم پڑھیئے اور بتایئے کیا تبدیل ہوا ہے۔ کیا یہی نیا پاکستان ہے؟
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سینٹ کے ایک کمرے میں ریڈیو پاکستان کے وفد کی موجودگی میں وزیر اطلاعات “فواد چوہدری “ نے اپنے ہی ساتھی وزیر “ علی محمد “ کو غلط اعداوشمار بتاتے ہوئے کہا “ میرے نزدیک کسی قومی عمارت کی کوئی تاریخی حیثیت اور اہمیت نہیں ہے“ ۔
فواد چوہدری جنہیں اپنی سیاسی وفاداریاں بدلنے پر عبور نہیں بلکہ ملکہ حاصل ہے ان سے اسی سچ کی توقع کی تھی ۔ اگر فواد چوہدری سیاسی پارٹی کی بجائے پاکستان کے وفادار ہوتے تو انہیں پاکستان کے ذرے ذرے سے پیار ہوتا ۔ انہیں معلوم ہوتا کہ پاکستان کی عمر بتانے والا یہ ریڈیو پاکستان اور اس کی عمارتیں کتنی تاریخی ہیں ۔ ان عمارتوں کی ماں “ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن “ کی عظمت کیا ہے ۔ دراصل بات تو ساری وفاداری کی ہے جو نسلی خون کا طرہ امتیاز ہوتی ہے ۔
قابل صد احترام جناب صفدر ہمدانی ( چیف ایڈیٹر عالمی اخبار ) ہر فورم ہر میڈیا پر بار بار کئی بار کہہ چکے ہیں “ خدا کے لئے ایف ایم اور نیشنل براڈکاسٹنگ میں فرق سمجھئے ۔۔“ لیکن پاکستان کی نئی عمرانی حکومت کے وزیر مشیر سب بہرے ہوچکے ہیں ۔ عقل گروی رکھوا کر آئے ہیں ورنہ وہ یہ ضرور حساب لگاتے اور جانتے کہ پچھلی اور آنے والی حکومت اگر صرف اپنے پروپیگنڈے کے آن ایر کے سال بھر کے پیسوں کا حساب لگائے تو حکومت پاکستان خود ریڈیو کی مقروض ہو جائے۔ اور جس طرح ڈھیلے منہ سے فواد چوہدری کہہ دیتے ہیں کہ ریڈیو سے سالانہ صرف چالیس لاکھ کی آمدن ہوتی ہے ، انتہائی گمراہ کن ہے۔ اسی ریڈیو پاکستان نے سابق ڈی جی مرتضی سولنگی کے زمانے میں کبھی بیس کروڑ بھی کمائے تھے ۔
اصل مسلہ پیسہ کمانا بھی نہیں ہے بلکہ یہ جاننا ضروری ہے کہ دنیا کے ہر ملک میں ایک سرکاری ریڈیو اور ایک ٹی وی ہوتا ہے جسکو سرکار چلاتی ہے اسے اجاڑتی نہیں ہے ۔ کیونکہ اس کے زریعے سے وہ اپنی عوام کے قریب تر رہتی ہے ، اپنی پالیسیوں کا پرچار کرتی ہے ۔ ریڈیو کا عملہ حکومت میں آنے جانے والوں کے نظریات بتاتا ہے ۔ سالانہ ہونے والے فنکشن کی رپورٹس تیار کرتا ہے ۔ اپنے ملک میں رہتے ہوئے بیرونی ملکوں سے رابطے میں رہتا ہے ۔ ان سے تجارت بڑھاتا ہے ۔ سب سے بڑی اور اہم بات کہ پی بی سی کے پاس مونیٹرنگ ڈیسک ہوتا ہے جو حکومت کے صدر اور وزیراعظم کے لئے روزانہ کے حساب سے “ بیرونی دنیا پاکستان کے بارے میں کیا کہتی ہے“ اس پر رپورٹ تیار کرتی ہے ۔ جس کے مد نظر ملک کی سلامتی کے لئے حکومت اجلاس منعقد کرتی ہے اور اپنی راہیں متعین کرتی ہے ۔ پاکستان میں رہنے والے غیر ملکی پاشندوں کے لئے ورلڈ سروس کے زریعے ان سے اظہار یکجہتی قائم رکھا جاتا ہے ۔
اگر فواد چوہدری وزیر اطلاعات کو یہ سب معلوم ہوتا تو وہ اس عمارت کو قومی ورثہ کہتے ، حکومت پاکستان کی امانت سمجھتے اور اس کے خیر خواہ ہوتے ۔ اور وہ یہ بھی جانتے کہ ریڈیو پاکستان کوئی نجی بزنس کا تجارتی ادارہ نہیں ایک سرکاری ادارہ ہے جو انیس سو تہتر کے ایک ایکٹ کے تحت قائم ہوا تھا ۔ وزیر اطلاعات یہ بھی سوچتے اگر ایسے ادارے اتنے ہی غیر ضروری اور خسارے میں ہوتے تو امریکہ کا وائس ٓاف امریکہ ،برطانیہ کا بی بی سی، جاپان کا این ایچ کے، جرمنی کا ڈوئچے ویلے، آسٹریلیا کا اے بی سی ، نیدر لینڈ کا ریڈیو نیدر لینڈ ‘ اور اسی طرح ساری دنیا میں کہیں بھی نیشل براڈ کاسٹنگ کے ادارے نا ہوتے ۔ لیکن کیا کیجئے یزید مزاج حکومتیں ہمیشہ عوام کوگمراہ کرتی آئی ہیں ۔
ڈاکٹر نگہت نسیم














درست ریڈیو کو سرکاری سرپرستی کے بجائے صرف کام کرنے کی آزادی اور سیلز آفس کو اختیارات ہی دے دیے جاتے تو ریڈیو ترقی کرجاتا 1980 سے اب تک کی وابستگی نے یہی سکھایا ہے