مشرق وسطیٰ میں امریکی عسکری مشن کے نگران امریکی جنرل کا کہنا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ جنگ کا خواہش مند نہیں ہے۔ پینٹاگون میں چار اکتوبر بروز جمعرات صحافیوں سے گفتگو میں جنرل جوزف ووٹل کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب امریکی صدر اور ان کی کابینہ نے اپنے ایران مخالف بیانیے میں شدت پیدا کر رکھی ہے۔
جنرل ووٹل کا کہنا تھا کہ ایران کے بارے میں صدر ٹرمپ کی سخت پالیسیوں کا مقصد ایرانی حکومت کی مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کرنے اور شدت پسندی پھیلانے کی پالیسی کا تدارک کرنا ہے۔ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے مغرب نواز ایرانی شاہ کے زمانے میں ایران کے ساتھ سن 1955 میں طے کردہ دوستی کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان بھی کر دیا تھا۔












