اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت پیپلزپارٹی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اوراپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی گرفتاری کی مذمت کردی۔

سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے الگ الگ بیانات میں شہبازشریف کی گرفتاری کو حکومت کی انتقامی کارروائی قرار دیا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ شہبازشریف کی اس انداز میں گرفتاری پارلیمان کی توہین ہے، حکومت انتقامی کارروائیوں سے گریزکرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف کی گرفتاری قابل مذمت اقدام ہے ،100 روزہ پروگرام کی ناکامی پرحکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ شہبازشریف کوصاف پانی کیس میں بلاکر آشیانہ کیس میں گرفتار کرنا درست نہیں،شہبازشریف کو گرفتار کرنا نیب کو متنازع بنانا ہے۔

سعید غنی نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو اس طرح گرفتار کیا جانا مناسب نہیں، سرکاری گاڑیاں بیچنے پر تحریک انصاف پر نیب کیس کرسکتی ہے،نیب کا بہت بھیانک قانون ہے۔

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ اگر نیب کرپشن کے خلاف کام کرتی ہے تو ٹھیک ہے،پیپلزپارٹی کے خلاف بڑے عرصے سے انتقامی کاروائیاں ہورہی ہیں،ہمارے کئی رہنما جیلوں کے اندر ہیں اور انہیں ضمانت نہیں مل رہی ۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی سب سے بڑی نااہلی نوازشریف کیس میں ہے، اگر نیب نے تیزی دکھانی ہے تو ثبوت کی بنیاد پر گرفتاریاں کرے،احتساب عدالت نے کہا کہ نوازشریف کے اوپر کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہوا۔

سعید غنی کا کہناتھاکہ تحریک انصاف کی حکومت آئی نہیں مسلط کی گئی ہے۔ 100 دن کے وعدے کیے گئے مگر عمل درآمد نہیں ہورہا۔وزیراعظم سے لے کر وزراء تک ہر دوسرے دن موقف سےپیچھے ہٹ جاتے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY