مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نااہل ہے جو اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف کی لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر مریم اورنگ زیب نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صاف پانی کیس میں بلاکر آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا گیا، تفتیش میں ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے۔

ترجمان نون لیگ نے مزید کہا کہ تحریک انصاف مسلم لیگ نون کو سیاسی میدان میں شکست میں نہیں دے سکی، اس لیے اب اوچھے ہتھکنڈے آزما رہی ہے۔

مریم اورنگ زیب نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ نون نے قانون کی حکمرانی کی مثال قائم کی ہے، جب حکومت اس طرح کے اقدامات کرے گی تو کارکنوں کا یہ رد عمل فطری ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY